✕
مارکٹس

شرح سود میں اضافے کی توقعات، جاپانی ین ایک ماہ کی بلند ترین ہفتہ وار سطح پر پہنچ گیا

  • جمعہ کی صبح ین 155.25 فی ڈالر تک مضبوط ہوا، جو گزشتہ ماہ جولائی میں مداخلت کے بعد ریکارڈ کی گئی 155.20 کی سطح کے قریب ہے
شائع اپ ڈیٹ

جاپانی ین نے جمعہ کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں اپنی حالیہ مضبوطی برقرار رکھی اور ایک ماہ سے زائد عرصے کی بہترین ہفتہ وار کارکردگی کی جانب گامزن رہا۔ بینک آف جاپان کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے امکانات بڑھنے اور امریکی روزگار کے اہم اعداد و شمار کے انتظار نے کرنسی مارکیٹ میں سرگرمی بڑھا دی۔

جمعہ کی صبح ین 155.25 فی ڈالر تک مضبوط ہوا، جو گزشتہ ماہ جولائی میں مداخلت کے بعد ریکارڈ کی گئی 155.20 کی سطح کے قریب ہے۔ بعد ازاں ین معمولی کمزور ہوا اور آخری اطلاعات کے مطابق 155.71 فی ڈالر پر مستحکم رہا۔

رواں ہفتے ین کی قدر میں تقریباً 2.5 فیصد اضافہ متوقع ہے، جو جولائی کے اواخر کے بعد اس کا سب سے بڑا ہفتہ وار اضافہ ہوگا۔ اس وقت جاپان اور امریکا نے کرنسی کی مسلسل گراوٹ روکنے کے لیے غیر معمولی مشترکہ مداخلت کی تھی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ین کی حالیہ تیزی میں کسی نئی سرکاری مداخلت کے واضح شواہد نہیں ملے، بلکہ مارکیٹ میں یہ توقعات بڑھ رہی ہیں کہ بینک آف جاپان 17 اور 18 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں شرح سود کے حوالے سے پہلے سے زیادہ سخت مؤقف اختیار کرسکتا ہے۔

اسٹیٹ اسٹریٹ انویسٹمنٹ مینجمنٹ کے سینئر فکسڈ انکم اسٹریٹجسٹ ماساہیکو لو نے کہا کہ مارکیٹ جاپان کی جانب سے 2027 تک پالیسی معمول پر لانے کے امکان کو سنجیدگی سے لینا شروع کررہی ہے۔

دوسری جانب جاپان کے اعلیٰ کرنسی سفارت کار اتسوشی میمورا نے کہا کہ وہ شرح مبادلہ میں ہونے والی تبدیلیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور امریکی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، جس سے ین کی ممکنہ خریداری کے لیے ایک اور سرکاری مداخلت کے خدشات برقرار ہیں۔

امریکی ڈالر انڈیکس 99.01 پر مستحکم رہا، جبکہ یورو 1.1625 ڈالر اور پاؤنڈ 1.3527 ڈالر پر رہا۔ ڈالر رواں ہفتے 0.7 فیصد کمی کی جانب گامزن ہے۔

ادھر امریکی فیڈرل ریزرو کے گورنر کرسٹوفر والر کے محتاط بیان کے بعد ستمبر میں شرح سود میں اضافے کے امکانات کم ہوکر تقریباً 50 فیصد رہ گئے ہیں۔