✕
Startup Recorder

”بس کرو“ نے پہلی بار منافع حاصل کر لیا، سالانہ آمدنی 4.5 ملین ڈالر سے بڑھ کر 6.5 ملین ڈالر ہوگئی

  • بس ہیلنگ سروس بس کرو چوتھے سال پہلی بار منافع بخش ہوگئی، سالانہ آمدنی 6.5 ملین ڈالر تک جا پہنچی
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان میں قائم بس ہیلنگ سروس بس کرو نے اپریل 2026 سے پہلی بار مثبت ای بی آئی ٹی ڈی اے ریکارڈ کیا ہے، جو جولائی 2024 سے جون 2025 کے مالی سال کے دوران منفی 9 فیصد تھا۔

بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ماہا شہزاد نے زَگ ڈیلی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بس کرو نے چار سال سے بھی کم عرصے میں یہ سنگِ میل عبور کیا ہے، جبکہ کمپنی کا مجموعی خسارہ (لائف ٹائم برن) 1.4 ملین ڈالر رہا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کمپنی کی چوتھے سال کی سالانہ آمدنی 4.5 ملین ڈالر سے بڑھ کر 6.5 ملین ڈالر ہوگئی، جبکہ سالانہ بار بار حاصل ہونے والی آمدنی 7.1 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔

ماہا شہزاد کے مطابق یہ اعداد و شمار ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب عالمی معاشی ماحول مشکل ہوچکا ہے، جس کی نمایاں خصوصیات عالمی سطح پر فنڈنگ میں کمی، سیاسی تنازعات اور مہنگائی ہیں۔

2022 میں شروع ہونے والی ”بس کرو“ مشترکہ سفری سہولت فراہم کرتی ہے۔

اب تک بس کرو کے ذریعے 3 کروڑ سے زائد بکنگز کی جاچکی ہیں، جو ایک سال سے بھی کم عرصہ قبل رپورٹ کیے گئے اعداد و شمار سے 1 کروڑ زیادہ ہیں۔

ماہا نے کہا کہ اس کامیابی کی سب سے بڑی وجہ ہماری ٹیم اور اس منصوبے پر ان کا یقین ہے۔ وہ اس وقت بھی ثابت قدم رہے جب ایسا لگ رہا تھا کہ ہمارے لیے کامیابی حاصل کرنا تقریباً ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ صارفین پر مسلسل توجہ اور بہترین آپریشنل کارکردگی ہی وہ وجہ ہے جس کے باعث ہمارے صارفین ہمارے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ ہمارے کئی صارفین پہلے دن سے ہمارے ساتھ ہیں اور تمام بکنگز میں ہم نے 99.5 فیصد قابلِ اعتماد سروس برقرار رکھی ہے۔ سادہ الفاظ میں ہمارے صارفین کے پاس ہمیں چھوڑنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔