✕
پاکستان

پاکستان اور ترکیہ کا دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق

  • وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور ترکیہ کے وزیر قومی دفاع یاسار گولر کی استنبول میں ملاقات
شائع اپ ڈیٹ

وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور ترکیہ کے وزیر قومی دفاع یاسار گولر نے پیر کو استنبول میں ملاقات کی جس میں انہوں نے خطے میں مشترکہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق یہ ملاقات پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم تذویراتی سیاسی و دفاعی کمیٹی کے افتتاحی اجلاس سے قبل ہوئی۔

اس موقع پر ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچک بایراکتار اوغلوبھی موجود تھے۔

علاوہ ازیں ترکیہ کی وزارت قومی دفاع نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر بتایا کہ یاسار گولر اور جنرل سلچک بایراکتار اوغلو نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔

مکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا افتتاحی اجلاس آج ترکیہ کے شہر استنبول میں ہوگا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

اجلاس میں ترکیہ اور سعودی عرب کے متعلقہ وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور چیفس آف جنرل اسٹاف بھی شرکت کریں گے۔

اجلاس میں پاکستان کی شرکت برادر ممالک ترکیہ اور سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تاریخی دوستانہ تعلقات اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے اس کی خواہش کی عکاسی کرتی ہے۔