بھارت نے امریکا سے جیولن ٹینک شکن میزائل نظام خریدنے کا معاہدہ کرلیا
- بھارت نے امریکی جیولن ٹینک شکن میزائل نظام خرید کر دفاعی صلاحیت اور امریکا سے تزویراتی تعاون مزید مضبوط کرلیا
بھارتی فوج نے امریکا کے ساتھ جیولن ٹینک شکن میزائل نظام خریدنے کا معاہدہ کرلیا ہے۔ بھارت میں امریکی سفارتخانے نے جمعے کو بتایا کہ معاہدے کی مالیت ظاہر نہیں کی گئی۔
سفارتخانے کے مطابق درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا یہ گائیڈڈ میزائل نظام لاک ہیڈ مارٹن اور آر ٹی ایکس مشترکہ طور پر تیار کرتے ہیں اور اسے بکتر بند گاڑیوں سمیت مختلف اہداف کے خلاف استعمال کیا جاسکتا ہے۔
سفارتخانے نے مزید بتایا کہ یہ میزائل نظام پہلے ہی امریکی فوج اور میرین کور کے علاوہ کئی دیگر ممالک کی مسلح افواج کے زیرِ استعمال ہے۔
امریکی سفیر سرجیو گور نے کہا کہ اس معاہدے سے دونوں ممالک کی دفاعی صنعتوں کو باہمی تعاون کے لیے نئے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے کہا، ’’ہم مستقبل میں ایسے باہمی تعاون کے وسیع امکانات دیکھتے ہیں جو دونوں ممالک کی دفاعی صنعتی بنیادوں کو مزید مضبوط کرے گا۔‘‘
نئی دہلی کی جانب سے معاہدے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔
اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سپری) کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت دنیا میں فوجی اخراجات کرنے والا پانچواں بڑا ملک اور یوکرین کے بعد اسلحہ درآمد کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔
بھارت اور امریکا نے اکتوبر میں 10 سالہ دفاعی فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔