✕
کاروبار اور معیشت

عالمی توانائی بحران، وافی انرجی پاکستان کو دوسری سہ ماہی میں 641 ملین روپے خسارہ

  • سہ ماہی کے دوران کمپنی کو فی حصص 3 روپے خسارے کا سامنا کرنا پڑا
شائع اپ ڈیٹ

وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ (جو پہلے شیل پاکستان لمیٹڈ کے نام سے جانی جاتی تھی) نے 30 جون 2026 کو ختم ہونے والی دوسری سہ ماہی میں 641 ملین روپے کا بعد از ٹیکس خسارہ رپورٹ کیا جب کہ گزشتہ سال اسی مدت میں اسے 422 ملین روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا تھا۔

30 جون 2026 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران او ایم سی کو فی حصص 3 روپے خسارے کا سامنا کرنا پڑا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں فی حصص آمدن 1.89 روپے رہی تھی۔

تاہم وافی انرجی نے 30 جون 2026 کو ختم ہونے والی ششماہی میں 21 فیصد اضافے سے 1.523 ارب روپے بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں یہ منافع 1.260 ارب روپے تھا۔

وافی انرجی نے جمعرات کو جاری کردہ بیان میں کہا کہ عالمی توانائی منڈیوں میں پیدا ہونے والے خلل اور مسلسل اتار چڑھاؤ کے باوجود کمپنی نے صارفین کو بلاتعطل اور قابلِ اعتماد فراہمی برقرار رکھی۔

اس عرصے کے دوران کمپنی نے اپنے نیٹ ورک کو وسعت دیتے ہوئے 38 نئے شیل ریٹیل اسٹیشنز، 18 نئے شیل سلیکٹ اسٹورز اور 2 ای وی شیل ری چارج سہولتیں قائم کیں جبکہ 8 موجودہ ریٹیل اسٹیشنز کو اپ گریڈ کیا۔

اس عرصے کے دوران لبریکنٹس کے کاروبار نے صارفین اور صنعتی شعبوں میں ترقی کی جسے نئی مصنوعات متعارف کرانے اور صارفین و مکینکس کے ساتھ مسلسل رابطہ کاری کیلئے کی جانے والی سرمایہ کاری سے تقویت ملی۔

حالیہ دنوں میں کمپنی نے خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں واقع اپنے تارو جبہ ٹرمینل پر 74 لاکھ لیٹر گنجائش کے نئے موٹر گیسولین اسٹوریج ٹینک کا افتتاح کیا۔ وافی انرجی کے مطابق اس سہولت سے ذخیرہ کرنے کی گنجائش میں اضافہ ہوگا۔

کمپنی نے بتایا کہ اس سرمایہ کاری کے ساتھ وافی انرجی شمالی پاکستان میں اپنے شیل ریٹیل نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے۔

وافی انرجی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زبیر شیخ نے کہا کہ یہ ششماہی صنعت کے لیے مشکل رہی ، اس دوراب عالمی سپلائی روٹس میں خلل اور لاگت میں مسلسل اتار چڑھاؤ کا سامنا رہا۔ ہمارا مقصد واضح رہا ہے کہ سپلائی کا سلسلہ برقرار رکھا جائے، صارفین کو قابلِ اعتماد ایندھن اور لبریکنٹس فراہم کیے جائیں اور شیئر ہولڈرز اور ملک کے لیے طویل مدتی قدر پیدا کرنے کے مقصد سے سرمایہ کاری جاری رکھی جائے۔

وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ پاکستان میں شیل کے ایندھن اور لبریکنٹس کی لائسنس یافتہ کمپنی ہے۔ وافی انرجی پاکستان کی اکثریتی ملکیت وافی انرجی ہولڈنگ لمیٹڈ (وافی ہولڈنگ) کے پاس ہے۔

2024 میں وافی ہولڈنگ نے شیل پاکستان لمیٹڈ کے 87.78 فیصد حصص حاصل کیے۔ یہ منتقلی محض ملکیت کی تبدیلی نہیں بلکہ خلیجی تعاون کونسل سے ہونے والی ایک اسٹریٹجک غیر ملکی سرمایہ کاری کی عکاسی کرتی ہے جس کا مقصد ملک کے توانائی اور فیول ریٹیل انڈسٹری کے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینا ہے۔

کمپنی پاک عرب پائپ لائن کمپنی کے زیرِ انتظام اسٹریٹجک وائٹ آئل پائپ لائن میں سب سے بڑی نجی سرمایہ کار ہے۔