✕
پاکستان

بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر مکمل عملدرآمد کیا گیا، عطا تارڑ

  • پی ٹی آئی بانی کی صحت کے معاملے پر جھوٹا پروپیگنڈا کر رہی ہے، وزیر اطلاعات
شائع اپ ڈیٹ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے طبی معائنے سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر مکمل عملدرآمد کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق پی ٹی آئی بانی کا طبی معائنہ کیا گیا، جبکہ ان کی بہن بھی اس موقع پر موجود تھیں اور تمام متعلقہ تقاضے پورے کیے گئے۔

عطااللہ تارڑ نے دعویٰ کیا کہ انتظامیہ نے عدالت کی ہدایات پر مکمل عمل کیا اور تمام حقائق قوم کے سامنے شفاف انداز میں رکھے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بانی کی صحت کے معاملے پر جھوٹا پروپیگنڈا کر رہی ہے، جبکہ حکومت مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتی رہی ہے کہ صحت کے معاملات کو سیاست سے نہیں جوڑا جانا چاہیے۔

وزیر نے پی ٹی آئی پر زور دیا کہ وہ قانونی اور صحت کے معاملات کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کرے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار کے دوران پی ٹی آئی بانی کی جانب سے دوسروں کی صحت سے متعلق دیے گئے بیانات بھی سب کے سامنے ہیں۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ حکومت نے اپنی نظرثانی درخواست میں اس بات پر سوالات اٹھائے ہیں کہ آیا تمام قیدیوں کو یکساں سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں اور کیا کسی کو خصوصی رعایت دی جانی چاہیے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ معاملے کو سیاسی رنگ کس نے دیا، جب شفاؔ انٹرنیشنل اسپتال کے باہر لوگوں کو جمع کیا گیا، سکیورٹی کے مسائل پیدا کیے گئے اور اسپتال کے اطراف کسی بھی سیاسی سرگرمی سے گریز کی عدالتی ہدایت کے باوجود سیاسی بیانات جاری کیے گئے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ قانونی اور طبی معاملات کو الگ الگ دیکھا جانا چاہیے اور پی ٹی آئی بانی کی طبی حالت کا جائزہ لینے کے لیے ڈاکٹر ہی موزوں ترین افراد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کبھی پی ٹی آئی بانی کے علاج میں رکاوٹ نہیں ڈالی اور ضرورت پڑنے پر انہیں طبی سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔