✕
کاروبار اور معیشت

گیپکو کی نجکاری کے لیے 11 سرمایہ کاروں نے بولیاں جمع کرا دیں، نجکاری کمیشن

  • دلچسپی رکھنے والوں میں ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے بڑے کاروباری گروپس شامل
شائع اپ ڈیٹ

نجکاری کمیشن (پی سی) نے جمعے کے روز بتایا ہے کہ گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے 51 سے 100 فیصد حصص اور انتظامی کنٹرول کے حصول کے لیے 11 ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں نے اظہارِ دلچسپی (ای او آئی) جمع کرا دیا ہے۔

حکومت بجلی کی سرکاری تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے لیے کوششیں کر رہی ہے، جس کا مقصد آپریشنل کارکردگی بہتر بنانا، بجلی کے نقصانات کم کرنا اور توانائی کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

نجکاری کمیشن نے ایک بیان میں کہا، ’’گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کی نجکاری کے لیے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور ردعمل سامنے آیا ہے۔ اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ کو کمیشن کو 11 ممکنہ سرمایہ کاروں کی جانب سے ای او آئی موصول ہوئے، جو گیپکو کے 51 سے 100 فیصد حصص کے ساتھ انتظامی کنٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں۔‘‘

دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں میں ترکیہ کی اکتور الیکٹرک انرجی انویسٹمنٹس، جین ویرا انرجی اور سینگز انرجی، سعودی عرب کی ال شریف کنٹریکٹنگ اینڈ کمرشل ڈیولپمنٹ کمپنی جبکہ پاکستان کی انگرو انرجی، سیفائر فائبرز، حب پاور ہولڈنگز اور لکی سیمنٹ، شیرازی انویسٹمنٹس، آرٹسٹک ملنرز اور فاطمہ گروپ، کے الیکٹرک اور اے کے ڈی سیکیورٹیز، فاسٹ کیبل اور مغل اسٹیل گروپ شامل ہیں۔

بیان کے مطابق دلچسپی رکھنے والوں میں ترکیہ اور سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کے علاوہ پاکستان کے کئی بڑے کاروباری گروپس بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد علی نے کہا، ’’آج ڈسکوز کی نجکاری کے عمل میں ایک اور اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ گیپکو کے لیے سرمایہ کاروں کی جانب سے ملنے والا بھرپور ردعمل پاکستان کے بجلی کی تقسیم کے شعبے کی استعداد اور حکومت کے شفاف، مسابقتی اور پیشہ ورانہ انداز میں نجکاری کا عمل مکمل کرنے کے عزم پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ نجکاری کمیشن پری کوالیفائی ہونے والے سرمایہ کاروں کے ساتھ جانچ پڑتال کے مرحلے میں تعمیری تعاون اور نجکاری کے بعد کے نظام کے خدوخال پر بات چیت کا منتظر ہے۔

محمد علی کے مطابق نجکاری کا مقصد آپریشنل کارکردگی بہتر بنانا، تقسیم کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانا، صارفین کو فراہم کی جانے والی خدمات بہتر کرنا، نقصانات کم کرنا اور بجلی کے شعبے کو مالی اعتبار سے زیادہ پائیدار بنانا ہے۔ طویل مدت میں یہ اقدامات بجلی کی زیادہ مسابقتی تقسیم اور صارفین کو سستی، قابلِ اعتماد بجلی کی فراہمی کے لیے سازگار حالات پیدا کریں گے۔

دلچسپی رکھنے والے فریقوں کی جانب سے جمع کرائے گئے اظہارِ دلچسپی اور اہلیت کے بیانات (ایس او کیوز) اب منظور شدہ پری کوالیفکیشن معیار کے تحت جانچ کے مرحلے سے گزریں گے۔ مقررہ شرائط پوری کرنے والے درخواست گزاروں کو پری کوالیفائی کیا جائے گا اور لین دین کے اگلے مرحلے کے لیے مدعو کیا جائے گا، جہاں انہیں ورچوئل ڈیٹا روم (وی ڈی آر) تک رسائی دی جائے گی تاکہ وہ تفصیلی جانچ پڑتال کر سکیں۔

گیپکو ڈسکوز کے پہلے مرحلے میں شامل تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ اس مرحلے میں فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) بھی شامل ہیں۔

آئیسکو کے لیے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 ستمبر 2026 ہے، جبکہ فیسکو کے لیے 7 اگست 2026 کی آخری تاریخ تک 12 دلچسپی رکھنے والے فریقوں نے اظہارِ دلچسپی جمع کرایا تھا۔