کاروبار اور معیشت

لاہور چیمبر آف کامرس کا صنعت اور جامعات کے روابط مضبوط بنانے کا مطالبہ

  • نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ، پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے ان کی فعال شرکت ناگزیر ہے، صدر فہیم الرحمن
شائع اپ ڈیٹ

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے نوجوانوں کی صلاحیتوں، بہتر روزگار اور کاروباری مواقع کی فراہمی کے لیے صنعت و جامعات کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ بزنس ایسوسی ایشن پاکستان کے 30 رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جس کی قیادت چیئرمین الطاف حسین رندھاوا کر رہے تھے۔

ایل سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے ان کی فعال شرکت ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کاروباری برادری اور تعلیمی ادارے مل کر نصابی تعلیم اور مارکیٹ کی عملی ضروریات کے درمیان حائل خلا کو پر کریں۔

فہیم الرحمن نے لاہور چیمبر کی جانب سے نوجوانوں پر مبنی سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون اور سیمی نارز و ورکشاپس میں ان کی شرکت کی حوصلہ افزائی کا یقین دلایا۔