کھیل

اگا سویاٹیک نے ٹورنٹو میں ایلینا ریباکینا کو شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا

  • سویاٹیک نے اس سیزن کا اپنا پہلا ٹورنامنٹ ٹائٹل حاصل کر لیا
شائع اپ ڈیٹ

ٹورنٹو میں نیشنل بینک اوپن کے فائنل میں ساتویں سیڈ پولینڈ کی اگا سویاٹیک نے دوسری سیڈ ایلینا ریباکینا کو باآسانی 6-2، 6-3 سے شکست دے کر رواں سیزن کا پہلا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

سویاٹیک نے صرف 75 منٹ میں کامیابی حاصل کی اور 80 فیصد فرسٹ سرو کامیاب بناتے ہوئے ریباکینا کے خلاف 13 مقابلوں میں ساتویں فتح حاصل کی۔ انہوں نے پانچ میں سے چار بریک پوائنٹس حاصل کیے جبکہ میچ میں 11 ونرز اور صرف 8 غیر ضروری غلطیاں کیں۔ یہ ان کے کیریئر کا 26واں ٹائٹل ہے۔

سویاٹیک کے لیے رواں سیزن خاصا مشکل رہا۔ ٹورنٹو فائنل سے قبل وہ رواں سال کسی ڈبلیو ٹی اے ایونٹ کے فائنل تک نہیں پہنچ سکی تھیں۔ آسٹریلین اوپن میں وہ بالآخر چیمپئن بننے والی ریباکینا سے کوارٹر فائنل میں ہاری تھیں، جبکہ فرنچ اوپن میں چوتھے اور ومبلڈن میں تیسرے راؤنڈ تک پہنچی تھیں۔

سویاٹیک نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ آسان نہیں تھے، تاہم وہ اپنی کھیل میں بہتری اور تبدیلی پر توجہ مرکوز رکھنے پر خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ پر روزانہ ہونے والی تنقید سے نمٹنا آسان نہیں۔ریباکینا نے شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی پوری کوشش کی لیکن یہ کافی نہیں تھی۔

ادھر سنسناٹی اوپن میں امریکا کی ٹیلر ٹاؤن سینڈ نے کولمبیا کی کامیلا اوسوریو کو 3-6، 6-3، 6-3 سے شکست دی۔ ترکیہ کی زینپ سونمیز نے بھی ڈاریا کساتکینا کو تین سیٹ کے مقابلے میں ہرا دیا۔