دنیا

کروشیا: اومِش میں جنگلاتی آگ، سیکڑوں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

  • آگ کے باعث تقریباً 19 افراد کو ایمبولینس سروسز کے ذریعے طبی امداد فراہم کی گئی
شائع اپ ڈیٹ

کروشیا کے سیاحتی شہر اومِش کے قریب تیز ہواؤں کے باعث جنگلاتی آگ بھڑک اٹھی جس نے آبادیوں، درختوں اور گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ کے باعث سیکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا جبکہ رات کے وقت شعلوں سے آسمان سرخ ہوگیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق اومِش کروشیا کے معروف ڈالمیشین ساحل پر واقع ایک خوبصورت شہر ہے جو درختوں اور پتھریلی پہاڑیوں سے گھرا ہوا ہے۔

این ون کی رپورٹ کے مطابق آگ کے باعث تقریباً 19 افراد کو ایمبولینس سروسز کے ذریعے طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ علاقائی گورنر بلازینکو بوبان نے بتایا کہ دو شدید زخمیوں کو تقریباً 25 کلومیٹر شمال میں واقع شہر اسپلٹ کے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

چیف فائر کمانڈر سلاوکو توچاکوویچ نے مقامی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوکوا روگوژنیتسا سے اومِش تک کے علاقے میں صورتحال انتہائی پیچیدہ ہے اور فائر فائٹرز نے ایک مشکل رات گزاری۔