انگلینڈ میں ضمنی انتخاب، نائجل فراج کا مقابلہ مزاحیہ امیدوار سے
- فراج نے گزشتہ ماہ پارلیمنٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دے کر عوامی مینڈیٹ حاصل کرنے کے لیے دوبارہ انتخاب لڑنے کا اعلان کیا تھا
برطانیہ کے ساحلی شہر کلیکٹن میں جمعرات کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں ووٹرز نے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا، جہاں ریفارم یو کے کے رہنما نائجل فراج کا مقابلہ ان کے مرکزی حریف، مزاحیہ کردار کاؤنٹ بن فیس سے ہے، جو کچرے کے ڈبے جیسا لباس پہن کر انتخاب لڑ رہے ہیں۔
فراج نے گزشتہ ماہ پارلیمنٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دے کر عوامی مینڈیٹ حاصل کرنے کے لیے دوبارہ انتخاب لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ ان پر ایک ارب پتی شخصیت سے 50 لاکھ پاؤنڈ کے عطیے کو قواعد کے مطابق ظاہر نہ کرنے کا الزام ہے، تاہم انہوں نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رقم ذاتی تحفہ تھی۔
برطانیہ کی پارلیمنٹ کے معیار کمشنر اس عطیے کی تحقیقات کر رہے ہیں، اور اگر فراج قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تو انہیں پابندیوں اور ایک اور انتخاب کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس انتخاب میں بڑی جماعتوں نے امیدوار کھڑے نہیں کیے، جس کے باعث 30 سے زائد آزاد اور مزاحیہ امیدوار میدان میں ہیں، جس سے یہ برطانوی تاریخ کا طویل ترین بیلٹ پیپر بن گیا ہے۔