پاکستان

پاکستان اور بیلاروس کا دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

  • وزیراعظم نے مشترکہ وزارتی اجلاس میں ہونے والی نتیجہ خیز بات چیت پر اطمینان کا اظہار کیا
شائع اپ ڈیٹ

وزیراعظم شہباز شریف اور بیلاروس کے وزیر توانائی ڈینس ماروز نے بدھ کو دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں طے پانے والے معاہدوں کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے بیلاروس کے وزیر توانائی نے وزیراعظم ہاؤس میں شہباز شریف سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے ڈینس ماروز اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے لیے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔

وزیراعظم نے نومبر 2024 میں صدر لوکاشینکو کے اسلام آباد کے دورے اور اپریل 2025 میں اپنے دورۂ بیلاروس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان دوروں سے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں پاکستان۔بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کے نویں اجلاس میں ہونے والی نتیجہ خیز بات چیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

جے ایم سی کے اجلاس میں دوطرفہ تعاون کے تمام اہم پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، جن میں تجارت، صنعت، زراعت، بینکاری، محنت، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبے شامل ہیں۔

دونوں جانب سے اس اعتماد کا اظہار کیا گیا کہ جے ایم سی اجلاس کے نتائج دونوں ممالک کے لیے ٹھوس فوائد کا باعث بنیں گے اور پاکستان۔بیلاروس بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید مستحکم کریں گے۔

بیلاروس کے وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا اور بیلاروسی قیادت کی جانب سے خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔

انہوں نے وزیراعظم کو جے ایم سی کے اجلاس کے دوران ہونے والی اہم پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔

دونوں جانب سے پاکستان اور بیلاروس کی قیادت کے درمیان طے پانے والے تمام شعبوں میں دوطرفہ رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے اور تعاون کو عملی شکل دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔