پنجاب میں منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن، 3.89 لاکھ معائنے، 4.58 کروڑ روپے جرمانے
- کریک ڈاؤن وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوام دوست وژن کے تحت شروع کیا گیا، کرن خورشید
فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پنجاب بھر میں 3 لاکھ 89 ہزار سے زائد معائنے کیے اور مقررہ قیمت سے زائد وصولی اور سرکاری نرخ نامے آویزاں نہ کرنے پر 4 کروڑ 58 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے۔
فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کی سیکریٹری ڈاکٹر کرن خورشید نے منگل کو کہا کہ یہ معائنے منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف صوبہ بھر میں جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں جس کا مقصد ضروری اشیائے خورونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کریک ڈاؤن وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوام دوست وژن کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرائس کنٹرول قوانین کی خلاف ورزی پر 57 مقدمات درج اور 414 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
سیکریٹری کے مطابق اس دوران سرکاری نرخ نامے آویزاں نہ کرنے کے 3,141 جبکہ منافع خوری کے 22,606 کیسز رپورٹ ہوئے جن پر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں روٹی اور آٹے کی مقررہ قیمتوں اور مقررہ وزن کی پابندی یقینی بنانے کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 83,345 معائنے بھی کیے۔
ان معائنوں کے دوران روٹی کی مقررہ قیمت سے زائد وصولی میں ملوث افراد کے خلاف 33 مقدمات درج، 136 افراد گرفتار اور 11 لاکھ 16 ہزار روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔
اسی طرح مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے 15,692 مقامات کا معائنہ کیا گیا، خلاف ورزی پر ایک مقدمہ درج اور 9 افراد کو گرفتار کیا گیا۔