صلاح ٹرابزون اسپور میں شمولیت سے قبل ترکیہ پہنچ گئے
- "ٹرابزون، کیا آپ تیار ہیں؟ میں آپ کا جوش محسوس کر سکتا ہوں۔ بہت جلد ملاقات ہوگی،" صلاح
مصری اسٹار فٹبالر محمد صلاح بدھ کو استنبول کے ہوائی اڈے پر مسکراتے ہوئے ٹرابزون اسپور کی عنابی اور نیلی جرسی پہن کر پہنچے، جہاں ان کی آمد پر سیکڑوں شائقین ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے امڈ آئے۔ صلاح کی انگلش کلب لیورپول سے ترک سپر لیگ کے کلب ٹرابزون اسپور میں شمولیت متوقع ہے۔
ٹرابزون اسپور نے ایک روز قبل اعلان کیا تھا کہ محمد صلاح سے معاہدے کے لیے مذاکرات جاری ہیں، جبکہ کلب کے چیئرمین ارطغرل دوغان نے کہا تھا کہ انہیں توقع ہے کہ 34 سالہ فارورڈ سے جمعرات کو بحیرہ اسود کے ساحلی شہر ٹرابزون میں منعقد ہونے والی تقریب کے دوران فری ٹرانسفر پر معاہدہ کر لیا جائے گا۔
کلب کی جانب سے ایکس پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں صلاح نے کہا، ”ٹرابزون، کیا آپ تیار ہیں؟ میں آپ کا جوش محسوس کر سکتا ہوں۔ بہت جلد ملاقات ہوگی۔“
انہوں نے ٹرابزون اسپور کی جرسی پہنے ہوئے مزید کہا، ”ہمارے لیے ہر جگہ ٹرابزون ہے،“ جو کلب کا معروف نعرہ ہے۔
اتاترک ہوائی اڈے پہنچنے پر سیکڑوں مداحوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ صلاح نے ہاتھ ہلا کر شائقین کا خیرمقدم قبول کیا، ان کے ساتھ کلب کا روایتی نعرہ بھی لگایا، جس کے بعد وہ طبی معائنے کے لیے روانہ ہوئے۔ بعد ازاں ان کی ٹرابزون کے لیے پرواز بھی شیڈول تھی۔
محمد صلاح نے رواں موسمِ گرما میں نو سال بعد لیورپول کو خیرباد کہا۔ اس عرصے میں انہوں نے 442 میچز میں 257 گول اسکور کیے، دو مرتبہ پریمیئر لیگ اور ایک بار یوئیفا چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
2024-25 کے سیزن میں صلاح نے پریمیئر لیگ میں 29 گول کیے اور 18 گول کرانے میں بھی کردار ادا کیا، یوں وہ ایک ہی سیزن میں سب سے زیادہ گول میں براہِ راست حصہ لینے کے لیگ ریکارڈ کے برابر آ گئے، جبکہ 38 میچوں پر مشتمل سیزن میں نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
محمد صلاح کو 2024-25 کے سیزن میں پریمیئر لیگ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا، جبکہ انہوں نے گولڈن بوٹ اور پلے میکر ایوارڈ بھی اپنے نام کیا، یوں وہ ایک ہی سیزن میں یہ تینوں اعزازات جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
تاہم گزشتہ سیزن میں ان کی کارکردگی میں نمایاں کمی آئی۔ انہوں نے لیگ کے 27 میچوں میں سات گول کیے اور سات گول کرانے میں مدد دی، جبکہ چیمپئنز لیگ کے کئی میچوں میں انہیں بینچ پر بٹھایا گیا، جس کے باعث اس وقت کے لیورپول منیجر آرنے سلاٹ کے ساتھ ان کی تلخ کلامی بھی منظرِ عام پر آئی۔
صلاح نے 2012 میں سوئٹزرلینڈ کے کلب بازل سے یورپی فٹبال میں اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز کیا، جس کے بعد وہ چیلسی سے منسلک ہوئے۔ 2015 سے 2017 کے درمیان انہوں نے اٹلی کے کلبوں فیورنٹینا اور اے ایس روما کی نمائندگی بھی کی، قبل ازیں کہ وہ لیورپول میں شامل ہوئے۔
ٹرابزون اسپور کو عموماً فینرباہچے، گالاتاسرائے اور بشکتاش کے بعد ترکیہ کا چوتھا بڑا کلب سمجھا جاتا ہے۔ ٹیم گزشتہ سیزن میں ترک سپر لیگ میں تیسرے نمبر پر رہی تھی اور اب یوئیفا یوروپا لیگ کے پلے آف مرحلے میں شرکت کرے گی۔ کلب نے آخری مرتبہ 2021-22 کے سیزن میں لیگ کا ٹائٹل جیتا تھا۔
مقامی میڈیا کے مطابق محمد صلاح بشکتاش میں شمولیت کے بھی قریب تھے، تاہم مالی معاملات اور امیج رائٹس سے متعلق اختلافات کے باعث مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے۔
صلاح کے ٹرابزون اسپور کے ساتھ متوقع معاہدے کی مالی اور دیگر شرائط تاحال منظرِ عام پر نہیں لائی گئی ہیں۔