لیسکو کی بڑی کامیابی، دو برس میں نیپرا سے متعلق خسارے میں 58 ارب روپے کی کمی
- اس عرصے کے دوران کمپنی کی وصولی کی شرح بڑھ کر 101.05 فیصد تک پہنچ گئی، پاور ڈویژن
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے گزشتہ دو برسوں کے دوران نیپرا سے متعلق اپنے مالیاتی خسارے کو 79 ارب روپے سے کم کرکے تقریباً 21 ارب روپے تک محدود کردیا جس کے نتیجے میں خزانے کو مجموعی طور پر 58 ارب روپے سے زائد کی بچت ہوئی ہے۔
پاور ڈویژن نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ اسی عرصے کے دوران کمپنی کی وصولی کی شرح بڑھ کر 101.05 فیصد تک پہنچ گئی جو پہلی بار نیپرا کے مقرر کردہ 100 فیصد کے ریگولیٹری معیار سے تجاوز کرگئی۔
پاور ڈویژن ککے مطابق بجلی کی ترسیلی تقسیم کے نقصانات 15.8 فیصد سے کم ہو کر 11.86 فیصد رہ گئے جو تقریباً چار فیصد پوائنٹس کی غیر معمولی کمی ہے۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی بجلی کی تقسیم کار کمپنی کی جانب سے دو سال کے دوران نقصانات میں کی جانے والی سب سے بڑی کمی ہے۔
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ لیسکو کی کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلسل نگرانی اور اعداد و شمار پر مبنی مؤثر نگرانی مثبت نتائج فراہم کرتی ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ لیسکو کے نتائج اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ بااختیار انتظامیہ، مسلسل نگرانی اور غیر سیاسی طرزِ حکمرانی ملکی بجلی شعبے کی مالی صحت میں نمایاں بہتری لا سکتے ہیں جس سے گردشی قرضے کے بوجھ میں کمی آئے گی اور دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں بھی اسی نوعیت کی اصلاحات کی ضرورت کے مؤقف کو تقویت ملے گی۔