ایم جی جے ڈبلیو آٹوموبائل مقامی طور پر تیار گاڑیاں بنگلہ دیش برآمد کریگا
- معاہدے کے تحت ایم جی جے ڈبلیو آٹوموبائل پاکستان رواں سال بنگلہ دیش کو مقامی طور پر تیار کردہ 100 گاڑیاں برآمد کریگا
ایم جی جے ڈبلیو آٹوموبائل پاکستان رواں سال بنگلہ دیش کو مقامی طور پر اسمبل کی گئی 100 گاڑیاں برآمد کرے گا، جبکہ آئندہ چار برسوں میں مجموعی بیرونی ترسیل 5,800 گاڑیوں تک پہنچنے کی توقع ہے۔
ایم جی جے ڈبلیو آٹوموبائل پاکستان نے گاڑیوں کی برآمد کے لیے بنگلہ دیش کے رینکون گروپ کے ساتھ ایک مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق اس تقریب میں صنعت و پیداوار کے شعبے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے بطور گواہ شرکت کی۔
معاہدے کے تحت ایم جی جے ڈبلیو آٹوموبائل پاکستان رواں سال بنگلہ دیش کو مقامی طور پر تیار کردہ 100 گاڑیاں برآمد کریگا، جبکہ آئندہ چار سال کے دوران مجموعی برآمدات کا ہدف 5,800 گاڑیاں مقرر کیا گیا ہے۔
تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کے لیے لاکھوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کرنے کا باعث بنے گا اور حکومت کے برآمدات پر مبنی صنعتی ترقی کے ایجنڈے کے حصول کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جو برآمدات کے فروغ، مقامی مینوفیکچرنگ کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور صنعتوں کے لیے کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے میں مددگار ہیں۔
ہارون اختر خان نے بتایا کہ حکومت ایک جامع آٹو پالیسی کو حتمی شکل دے رہی ہے، جس کا مقصد گاڑیوں کی برآمدات میں اضافہ، مقامی پیداوار (لوکلائزیشن) کو فروغ دینا اور ملک کی آٹو موبائل مینوفیکچرنگ کی بنیاد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے زور دیا کہ پاکستان کے آٹو موبائل شعبے نے معیار، مقامی تیاری اور پیداواری صلاحیت کے حوالے سے نمایاں ترقی کی ہے، جس کے باعث ملک میں تیار ہونے والی گاڑیاں عالمی منڈیوں میں کامیابی سے مقابلہ کرنے کے قابل ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ان تمام صنعتوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی جو برآمدات میں اضافہ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ٹیکنالوجی کے فروغ میں کردار ادا کر رہی ہیں۔
اس موقع پر رینکون گروپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد مستفیض الرشید بھوئیاں نے کہا کہ یہ معاہدہ بنگلہ دیش کی آٹو موبائل مارکیٹ میں صحت مند مسابقت کو فروغ دے گا، جبکہ صارفین کو پاکستان سے آنے والی معیاری گاڑیوں کے حصول کا موقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آٹو موبائل صنعت عالمی معیار کے پیداواری تقاضوں تک پہنچ چکی ہے اور اس شعبے میں برآمدات کی نمایاں صلاحیت موجود ہے۔
ایم جی جے ڈبلیو آٹوموبائل پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیان چیانگ شاؤ نے شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی آٹو موبائل برآمدات کو علاقائی اور عالمی منڈیوں تک وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب میں ایم جی جے ڈبلیو آٹوموبائل پاکستان کے چیف آپریٹنگ آفیسر عامر نذیر، اعلیٰ حکومتی حکام، دونوں کمپنیوں کے نمائندگان اور کاروباری برادری کے اراکین نے بھی شرکت کی۔