ڈیزل 3 روپے 37 پیسے فی لیٹر مہنگا، پیٹرول ایک روپے فی لیٹر سستا
- نئی قیمتوں کا اطلاق صرف 28 جولائی کے لئے ہوگا
وفاقی حکومت نے پیر کو 28 جولائی کیلئے نافذ العمل پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 37 پیسے فی لیٹر اضافہ اور موٹر اسپرٹ (پیٹرول) کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر کمی کر دی۔
پیر کو وزارتِ توانائی کے پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نظرثانی شدہ پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی ڈپو سے فراہمی کی قیمتوں (ایکس ڈپو پرائسز) میں ردوبدل کیا ہے۔
نظرثانی کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 386 روپے 83 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جو پہلے 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر تھی۔ دوسری جانب پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر کمی کے بعد یہ 335 روپے 18 پیسے سے کم ہو کر 334 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
نظرثانی شدہ قیمتیں 28 جولائی سے نافذ العمل ہوں گی اور حکومت کے مقررہ قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کے تحت آئندہ جائزے تک برقرار رہیں گی۔
اس سے قبل 26 اور 27 جولائی کے لیے ہونے والے گزشتہ جائزے میں حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا تھا اور انہیں بالترتیب 335 روپے 18 پیسے اور 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھا گیا تھا۔