جوشوا کی شاندار واپسی، پرینگا کو ناک آؤٹ کر دیا
- پہلے راؤنڈ کے اختتام کے بعد انتھونی جوشوا نے دوسرے راؤنڈ میں بھرپور حملہ کیا اور زوردار رائٹ ہکس برساتے ہوئے کرسٹیان پرینگا کو رسیوں پر گرا دیا
سابق ہیوی ویٹ چیمپئن انتھونی جوشوا نے پہلے راؤنڈ میں شدید دباؤ سے نکلتے ہوئے البانوی باکسر کرسٹیان پرینگا کو ناک آؤٹ کر دیا، جس سے ٹائسن فیوری کے ساتھ ان کے طویل عرصے سے متوقع مقابلے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
دسمبر میں نائیجیریا میں کار حادثے میں دوستوں کی وفات اور خود زخمی ہونے کے بعد پہلی بار رنگ میں اترنے والے 36 سالہ جوشوا کو پہلے راؤنڈ کے آغاز میں ہی ایک خطرناک اپرکٹ نے گرا دیا تھا اور انہیں دوبارہ کاؤنٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم انہوں نے دوسرے راؤنڈ میں شاندار کم بیک کیا اور پرینگا کو رسیوں پر گرا کر ریفری کو مقابلہ روکنے پر مجبور کر دیا۔
جوشوا نے کہا کہ پرینگا ایک سخت جان فائٹر ہیں۔ دوسری جانب پروموٹر ایڈی ہرن نے تصدیق کی کہ دونوں برطانوی باکسرز کے درمیان رواں سال ہونے والے مقابلے کا معاہدہ طے پا چکا ہے اور جوشوا کی یہ مشکل فتح ان کے عزم کی عکاس ہے۔