کھیل

میچ فکسنگ کیس: سری لنکن ٹی 20 ٹیم کے شریک مالک کو جیل بھیجنے کا حکم

  • کولمبو کے ایک ہوٹل سے منجوت کلرا گرفتار، ایک کھلاڑی کو مبینہ طور پر 95 لاکھ سری لنکن روپے دینے کی کوشش کا الزام
شائع اپ ڈیٹ

سری لنکا کی ایک عدالت نے جمعہ کو لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کی ایک ٹیم کے بھارتی شریک مالک کو، پانچ کھلاڑیوں کو میچ فکسنگ کے لیے رشوت دینے کی کوشش کے مقدمے میں، رواں ماہ کے اختتام تک جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

منجوت کلرا کو دارالحکومت کولمبو کے ایک ہوٹل سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ مبینہ طور پر ایک کھلاڑی کو 95 لاکھ سری لنکن روپے (28 ہزار 700 امریکی ڈالر) ادا کرنے والے تھے۔ یہ بات اسپورٹس انویسٹی گیشن یونٹ کے انسپکٹر سپن ویداناگے نے بتائی۔

ویداناگے کے مطابق، کلرا کی گرفتاری سے تقریباً 10 روز قبل مزید چار سری لنکن کھلاڑیوں سے بھی رابطہ کیا گیا تھا۔

کلرا کے ایک مبینہ ساتھی کو بھی مزید تفتیش مکمل ہونے تک رواں ماہ کے اختتام تک پولیس تحویل میں رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ادھر، سری لنکا میں کرکٹ کے نگران ادارے سری لنکا کرکٹ نے کہا ہے کہ ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ شیڈول کے مطابق جمعہ کی شب دارالحکومت میں جاری رہے گا۔

ٹورنامنٹ کے چھٹے ایڈیشن کا افتتاحی میچ جافنا اور گالے کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ منجوت کلرا جافنا ٹیم کے شریک مالکان میں شامل ہیں۔

سری لنکا کرکٹ نے ایک بیان میں کہا، ”ہم ٹورنامنٹ کی شفافیت اور دیانت داری کے تحفظ کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور لیگ سے وابستہ کسی بھی فریق کی جانب سے بدعنوانی، غیرقانونی سرگرمی یا کسی بھی قسم کی بے ضابطگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔“

اس سے قبل بھی لنکا پریمیئر لیگ کے مختلف ایڈیشن میچ فکسنگ اور بدعنوانی کے الزامات کی زد میں آ چکے ہیں۔

بنگلہ دیش میں پیدا ہونے والے تمیم رحمان، جو دمبولا تھنڈرز کے مالک ہیں، نے رواں سال جنوری میں ایک کھلاڑی پر اثرانداز ہونے اور میچ فکسنگ کی سازش کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

عدالت نے رحمان کو چار سال قید کی سزا سنائی، پانچ سال کے لیے معطل کیا اور 2 کروڑ 40 لاکھ سری لنکن روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

یہ سزا سری لنکا میں کھیلوں میں بدعنوانی کی روک تھام کے لیے 2019 میں نافذ کیے گئے سخت قانون کے تحت سنائی گئی۔