کھیل
ورلڈ کپ میں شکست کے باوجود ناروے میں جشن، دارالحکومت میں مداحوں کا سمندر اُمڈ آیا
- ہفتے کو انگلینڈ کے خلاف اضافی وقت میں 1-2 سے شکست کے ساتھ ہی ورلڈ کپ میں ناروے کا تاریخی سفر کوارٹر فائنل میں تمام ہو گیا
ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے خلاف 1-2 سے شکست کے بعد وطن واپسی پر ناروے کی فٹ بال ٹیم کا ہیروز جیسا شاندار استقبال کیا گیا۔
دارالحکومت اوسلو کی سڑکوں پر ایک لاکھ سے زائد مداحوں نے شکست کے صدمے کو ایک جشن میں بدل دیا۔کھلاڑیوں نے شاہی محل کا دورہ کیا اور شاہ ہیرالڈ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کراؤن پرنس ہاکون نے خود ڈرم بجا کر مداحوں کا لہو گرمایا، تاہم اسٹار اسٹرائیکر ارلنگ ہالینڈ پرواز میں تاخیر کے باعث جشن کے آخری لمحات میں شریک نہ ہو سکے۔
کپتان مارٹن اودیگارڈ کا کہنا تھا کہ امریکہ اور وطن واپسی پر ملنے والی سپورٹ ہماری توقعات سے بڑھ کر ہے۔ واضح رہے کہ ناروے کی ٹیم نے کوارٹر فائنل میں جوڈ بیلنگہم کے متنازع گول پر اعتراض اٹھایا تھا، جس کے بارے میں کوچ کا دعویٰ تھا کہ گیند پہلے کیمرے کی تار سے ٹکرائی تھی، تاہم فیفا نے اس کی تردید کی ہے۔