مصباح الحق کی نوجوان کرکٹرز کو نظم و ضبط کو ترجیح دینے کی ہدایت
سابق پاکستانی کپتان مصباح الحق نے زور دیا ہے کہ باصلاحیت کرکٹرز کے لیے بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرنے اور اپنی کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لیے نظم و ضبط اور تسلسل ناگزیر ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان مسلسل باصلاحیت کھلاڑی پیدا کر رہا ہے، لیکن مناسب تربیت، تجربے اور مستقل مزاجی کے بغیر صرف ٹیلنٹ کامیابی کی ضمانت نہیں دے سکتا۔انہوں نے واضح کیا کہ ایک کامیاب کھلاڑی ترغیب نہ ہونے کے باوجود اپنی ٹریننگ، فٹنس، پریکٹس اور ڈائٹ کے روٹین پر سختی سے عمل کرتا ہے۔
قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن اور این سی اے کے بیٹنگ کنسلٹنٹ مصباح نے تکنیکی اور ذہنی مضبوطی کے لیے فور ڈے (چار روزہ) کرکٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو اسپن باؤلنگ کے خلاف لمبی اننگز کھیل کر اپنی کارکردگی بہتر بنانے کا مشورہ دیا۔ آخر میں انہوں نے کوچز اور والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں پر غیر ضروری دباؤ ڈالنے سے گریز کریں اور ان کے کھیل کے شوق کو برقرار رکھنے میں مدد کریں۔