دنیا

قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

  • شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی 1995 سے 2013 تک قطر کے امیر رہے
شائع اپ ڈیٹ

قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ قطر کے امیری دیوان نے اتوار کو ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کی ترقی اور قوم کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا۔

شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی 1995 سے 2013 تک قطر کے امیر رہے۔ انہوں نے 2013 میں اقتدار اپنے صاحبزادے اور موجودہ امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے حوالے کر دیا تھا، جو خلیجی عرب ریاستوں میں موروثی حکمران کی جانب سے اقتدار منتقل کرنے کی ایک غیر معمولی مثال سمجھی جاتی ہے۔

امیری دیوان نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم پر اپنی رحمت نازل فرمائے اور انہیں اپنے وطن اور قوم کے لیے انجام دی گئی خدمات کا بہترین اجر عطا فرمائے۔

شیخ حمد کو جدید قطر کی تعمیر کا معمار تصور کیا جاتا ہے۔ ان کی قیادت میں قطر نے بدوی پس منظر رکھنے والی ایک چھوٹی ریاست سے ترقی کرتے ہوئے خطے کی ایک بااثر اقتصادی اور سفارتی طاقت کی حیثیت اختیار کی۔ ان کے دور میں الجزیرہ نیوز نیٹ ورک کو عالمی سطح پر وسعت ملی، جبکہ قطر نے 2022 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

قدرتی گیس سے مالا مال قطر آج دنیا کا سب سے بڑا مائع قدرتی گیس (ایل این جی) برآمد کرنے والا ملک، عالمی سرمایہ کاری کا اہم مرکز اور مشرق وسطیٰ کی سفارت کاری میں ایک مؤثر کردار ادا کرنے والا ملک شمار ہوتا ہے، جس کی بنیاد رکھنے میں شیخ حمد کی قیادت کو اہم قرار دیا جاتا ہے۔