پی ٹی سی ایل فلیش فائبر صارفین کی تعداد 9 لاکھ سے تجاوز کرگئی
- یہ کامیابی پاکستان بھر کے صارفین کی پی ٹی سی ایل کی تیز رفتار براڈ بینڈ سروسز پر مسلسل بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاس ہے
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کی معروف فائبر ٹو دی ہوم(ایف ٹی ٹی ایچ) سروس، فلیش فائبر کے صارفین کی تعداد 9 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ یہ کامیابی پاکستان بھر کے صارفین کی پی ٹی سی ایل کی تیز رفتار براڈ بینڈ سروسز پر مسلسل بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاس ہے ۔ علاوہ ازیں ملک کے سب سے بڑے انٹرنیٹ سروس فراہم کنندہ کے طور پر کمپنی کی پوزیشن مزید مستحکم ہوئی ہے۔
پی ٹی سی ایل کی جانب سے پاکستان میں عالمی معیار کی ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کی فراہمی کی کوششوں میں یہ ایک اہم سنگ میل ہے جو ملک میں ڈیجیٹل سہولیات کی دستیابی اور حکومتِ پاکستان کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔ اپنے مسلسل توسیع پذیر فائبر نیٹ ورک کی بدولت ٹی سی ایل فلیش فائبر گھریلو صارفین، کاروباری اداروں، گیمرز، سوشل میڈیا تخلیق کاروں، طلبہ اور اپنی روزمرہ کی سرگرمیوں کے لیے تیز رفتار، مستحکم اور بلا تعطل انٹرنیٹ پر انحصار کرنے والے تمام پیشہ ور افراد کے لیے براڈ بینڈ کی اولین ترجیح بن چکا ہے۔
پی ٹی سی ایل فلیش فائبر کی نیٹ ورک کارکردگی کی آزادانہ طور پر بھی توثیق کی گئی ہے۔ انٹرنیٹ ٹیسٹنگ اور نیٹ ورک انٹیلی جنس کے معتبر عالمی ادارے، اوکلا (Ookla) نے پی ٹی سی ایل کو دو ممتاز اعزازات سے نوازا ہے، جن میں پاکستان کا بہترین فکسڈ نیٹ ورک اور بہترین آئی ایس پی گیمنگ تجربہ شامل ہیں۔ یہ اعزازات اوکلا کی اسپیڈ ٹیسٹ کنیکٹیویٹی رپورٹ کے تحت نیٹ ورک کی کارکردگی اور صارفین کے تجربے کے جامع جائزے کی بنیاد پر دیے گئے جنہوں نے ملک بھر میں اعلیٰ معیار کی نیٹ ورک کارکردگی، کم تعطل اور بہتر ڈیجیٹل تجربہ کی فراہمی کے حوالے سے پی ٹی سی ایل کے قائدانہ کردار کو مزید مستحکم کیا۔
یہ حالیہ کامیابی پاکستان کی ترقی کرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت کے ساتھ قابلِ اعتماد فائبر براڈ بینڈ کی بڑھتی ہوئی طلب کی بھی عکاسی کرتی ہے۔ ریموٹ ورک، آن لائن تعلیم، ڈیجیٹل تفریح، کلاؤڈ ایپلی کیشنز اور مسابقتی گیمنگ سمیت مختلف شعبوں میں پی ٹی سی ایل فلیش فائبر ایسی بلاتعطل کنیکٹیویٹی فراہم کر رہا ہے جو ملک کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل امنگوں کو تقویت دے رہی ہے۔
صدرو چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ٹی سی ایل محمد ندیم خان نے کہا کہ یہ سنگ میل پی ٹی سی ایل فلیش فائبر پر لاکھوں صارفین کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے ۔ پاکستان میں ڈیجیٹل ضروریات مسلسل بڑھ رہی ہیں، اور ہم اپنے فائبر نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے، جدید ترین نیٹ ورک انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری جاری رکھنے، اور ایسا اعلیٰ معیار کا براڈ بینڈ تجربہ فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں جو ملک بھر میں افراد، کاروباری اداروں اور کمیونٹیز کو بااختیار بنا سکے۔
اب تک پی ٹی سی ایل فلیش فائبر ملک بھر کے 78 شہروں میں دستیاب ہے اور لاکھوں پاکستانیوں کو قابلِ اعتماد فائبر کنیکٹیویٹی فراہم کر رہا ہے۔ اس کے صارفین کی تعداد میں مسلسل اضافہ پی ٹی سی ایل کی جانب سے جدید ترین نیٹ ورک انفراسٹرکچر، سروس کی قابلِ اعتماد کارکردگی اور صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل سرمایہ کاری کا عکاس ہے، جس کے نتیجے میں صارفین بلا تعطل اعلیٰ کارکردگی پر مبنی براڈ بینڈ کنیکٹیویٹی سے مستفید ہو رہے ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026