مالی سال 2026: سیمنٹ سیکٹر کی کارکردگی مثبت رہی
- 30 جون 2025 کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران مقامی فروخت 37.906 ملین ٹن تھی
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان کے سیمنٹ سیکٹر نے مالی سال 2025-26 کا اختتام ایک مثبت نوٹ پر کیا جس کی بنیادی وجہ ملکی طلب میں زبردست اضافہ رہا جس نے برآمدات میں معمولی کمی کے باوجود سیمنٹ کی مجموعی فروخت کو 7.21 فیصد تک بڑھا دیا۔
اعدادوشمار کے مطابق 30 جون 2025 کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران مقامی فروخت 37.906 ملین ٹن تھی جو 30 جون 2026 کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران بڑھ کر 41.507 ملین ٹن ہو گئی جس میں 9.5 فیصد کا اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔
برآمدات کے محاذ پر صنعت کو 2.19 فیصد کی کمی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ 30 جون 2026 کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران برآمدی حجم کم ہو کر 9.008 ملین ٹن رہ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران 9.210 ملین ٹن برآمدات کی گئی تھیں۔ مجموعی طور پر اس صنعت نے گزشتہ مالی سال کے 47.116 ملین ٹن کے مقابلے میں اس سال 50.515 ملین ٹن کا حجم حاصل کیا۔
جون 2026 کے مہینے کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت 4.331 ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں یہ 3.658 ملین ٹن تھی، جو 18.38 فیصد کے اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔ مقامی سطح پر سیمنٹ کی ترسیل 3.541 ملین ٹن رہی جو جون 2025 کے 2.793 ملین ٹن کے مقابلے میں 26.78 فیصد کا اضافہ ہے۔
اس کے برعکس سیمنٹ کی برۤمدات میں 8.73 فیصد کی کمی واقع ہوئی کیونکہ جون 2025 میں برآمدی حجم 865,387 ٹن سے کم ہو کر جون 2026 میں 789,840 ٹن رہ گیا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026