کھیل

فیفاورلڈ کپ: کیپ ورڈے کیخلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد ارجنٹائن پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

  • میامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ارجنٹینا نے دو کے مقابلے میں 3 گول سے کامیابی سمیٹی
شائع اپ ڈیٹ

دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد کیپ وردے کو 3۔2 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آخری 16 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

میامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ارجنٹینا نے دو کے مقابلے میں 3 گول سے کامیابی سمیٹی۔ دلچسپ میچ میں ورلڈ چیمپئن ارجنٹینا کو پہلی بار ورلڈ کپ کھیلنے والی کیپ وردے کی ٹیم نے بھرپور ٹکر دی اور 2 مرتبہ خسارے سے واپس آ کر مقابلہ برابر کردیا۔

ارجنٹینا کی جانب سے لیونل میسی نے 29 ویں منٹ میں ورلڈکپ میں اپنے 20 واں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، تاہم دوسرے ہاف میں کیپ وردے کے ڈیرائے ڈوارٹے نے گول کرکے اسکور 1-1 سے برابر کردیا۔

اضافی وقت کے پہلے حصے میں لیسانڈرو مارٹینیز نے شاندار گول کرکے ارجنٹینا کو دوبارہ برتری دلائی لیکن کیپ وردے کے لیفٹ بیک سڈنی لوپس کابرال نے خوبصورت شاٹ کے ذریعے ایک بار پھر مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔

فیصلہ کن لمحہ اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں آیا جب لیونل میسی کے کارنر پر کرسٹیان رومیرو کا ہیڈر کیپ وردے کے دفاعی کھلاڑی ڈائنی بورجیس کے ہاتھ سے لگ کر اپنے ہی جال میں چلا گیا اور یہ اون گول ارجنٹینا کی فتح کا سبب بنا۔

میچ کے آخری لمحات میں کیپ وردے کو ایک اور موقع ملا، تاہم سڈنی لوپس کابرال کی خطرناک فری کک کو ارجنٹینا کے گول کیپر ایمیلیانو مارٹینیز نے شاندار انداز میں روک کر اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔

پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ مصر سے ہوگا۔