انٹر بینک مارکیٹ : ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں معمولی اضافہ
- مقامی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں 3 پیسے کے اضافے سے 278.12 پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کو ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر مقامی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں 3 پیسے کے اضافے کے ساتھ 278.12 پر بند ہوئی۔
جمعرات کو روپیہ 278.15 پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب جون کی کمزور جابز رپورٹ کے بعد عالمی مارکیٹ میں فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرحِ سود میں اضافے کی توقعات کم ہونے سے جمعہ کو امریکی ڈالر گزشتہ تقریباً تین ماہ کی سب سے بڑی ہفتہ وار گراوٹ کی جانب گامزن رہا، جس سے دباؤ کا شکار جاپانی ین کو کچھ ریلیف ملا۔ ایشیائی مارکیٹ کے ابتدائی کاروبار میں بھی ڈالر کی سست روی برقرار رہی، جہاں یورو 1.1442 ڈالر کے ساتھ اپنی دو ہفتوں کی بلند ترین سطح کے قریب رہا۔ برطانوی پاؤنڈ بھی 1.3361 ڈالر پر مستحکم رہا اور 1.2 فیصد کے ہفتہ وار اضافے کی راہ پر ہے، جو گزشتہ تقریباً تین ماہ میں اس کی بہترین کارکردگی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے حوالے سے حساس سمجھا جانے والا آسٹریلین ڈالر 0.6935 پر رہا، جس سے اس کی مسلسل چار ہفتوں کی گراوٹ کا سلسلہ رک گیا۔ نیوزی لینڈ کا کیوی ڈالر 0.5702 پر ٹریڈ ہوا، جس میں رواں ہفتے 1.2 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔ ین اور یورو سمیت چھ بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کی پیمائش کرنے والا ڈالر انڈیکس جمعرات کو 0.5 فیصد گرنے کے بعد مزید 0.2 فیصد کمی کے ساتھ 100.77 پر آگیا۔ رواں ہفتے اس میں مجموعی طور پر 0.58 فیصد کی کمی آئی ہے جو اپریل کے آغاز کے بعد سے اب تک کی سب سے بڑی ہفتہ وار گراوٹ ہے۔
مزید برآں امریکہ میں طویل ہفتہ وار تعطیلات سے قبل جمعہ کو عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ گرینچ ٹائم کے مطابق رات 1 بجکر 55 منٹ تک برینٹ کروڈ کے سودے 17 سینٹ یا 0.24 فیصد اضافے کے ساتھ 72.10 ڈالر فی بیرل پر ہوئے، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) 14 سینٹ یا 0.20 فیصد اضافے کے ساتھ 68.83 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔ ہفتہ کو امریکہ کے یومِ آزادی کی مناسبت سے جمعہ کو امریکی مارکیٹیں بند رہیں گی۔ اس سے قبل گزشتہ سیشن کے دوران دونوں بینچ مارکس (خام تیل کی قیمتیں) فروری کے آخر میں ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے آغاز سے اب تک کی اپنی کم ترین سطح پر آگئی تھیں۔