آرسنل اور اسپین کے سابق مڈفیلڈر کازورلا 41 سال کی عمر میں ریٹائر ہو گئے
- کازورلا نے اپنے بچپن کے کلب ریال اویڈو کے ساتھ آخری سیزن گزارنے کے بعد اپنے 23 سالہ طویل فٹبال کیریئر کا خاتمہ کر دیا
آرسنل اور اسپین کے سابق مڈفیلڈر سینٹی کازورلا نے 41 سال کی عمر میں فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اب جب لائٹس بند ہو رہی ہیں، بوٹس لٹکا دیے گئے ہیں اور شور خاموشی میں بدل رہا ہے تو سب کچھ اپنی جگہ درست لگ رہا ہے، کیونکہ یہ اختتام کہیں اور نہیں بلکہ میرے اپنے گھر (بچپن کے کلب) میں ہوا ہے۔
کازورلا نے اپنے 23 سالہ شاندار کیریئر کا خاتمہ اپنے بچپن کے کلب ریال اویڈو کے ساتھ آخری سیزن کھیل کر کیا، جسے انہوں نے گزشتہ سال ہی 24 سال کے طویل عرصے بعد دوبارہ لا لیگا میں پہنچانے میں مدد کی تھی۔ کازورلا نے اسپین کی طرف سے 81 میچز کھیلے اور 2008 اور 2012 میں یورپی چیمپئن شپ جیتنے والی ٹیموں کا حصہ رہے، تاہم وہ انجری کے باعث 2010 کا ورلڈ کپ نہ کھیل سکے۔ انہوں نے انگلش کلب آرسنل کی طرف سے 180 میچز کھیل کر 29 گولز اسکور کیے اور ٹیم کو 2014 اور 2015 میں لگاتار ایف اے کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔