کاروبار اور معیشت

اسٹیٹ بینک نے مالی سال 27 کیلئے ایم پی سی کیلنڈر جاری کردیا، پریس بریفنگز میں اضافہ

  • پریس کانفرنسز جولائی، اکتوبر، جنوری اور اپریل میں ایم پی سی اجلاس کے بعد منعقد کی جائیں گی، اعلامیہ
شائع June 23, 2026 اپ ڈیٹ June 23, 2026 04:03pm

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے منگل کو مالی سال 27 کے لیے مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے اجلاسوں کا ایڈوانس کیلنڈر جاری کردیا۔

مرکزی بینک نے ایم پی سی کے بعد ہونے والی پریس کانفرنسوں کی تعداد کو سال میں دو سے بڑھا کر چار کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک کی جانب سے یہ پریس کانفرنسز جولائی، اکتوبر، جنوری اور اپریل میں ایم پی سی اجلاس کے بعد منعقد کی جائیں گی۔

ساتھ ہی اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کمیٹی کے بعد تجزیہ کاروں کی بریفنگ کے لیے عملے کی جانب سے تیار کردہ پریزنٹیشن کو شائع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

یہ پریزنٹیشن ایم پی سی اجلاس کے ایک دن بعد اسٹیٹ بینک کی سرکاری ویب سائٹ پر شائع کر دی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد ایم پی سی کے ردعمل کے طریقہ کار میں مزید شفافیت لانا اور اسٹیٹ بینک میں مانیٹری پالیسی کی تیاری کے جامع اور ڈیٹا پر مبنی عمل کے بارے میں اسٹیک ہولڈرز کا اعتماد بڑھانا ہے۔

آخر میں اسٹیٹ بینک نے ایم پی سی اجلاسوں کے منٹس کی اشاعت کے عمل کو بھی آسان اور منظم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس میں مزید کہا گیا کہ اب مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس کے منٹس اجلاس کے بعد چوتھے ہفتے کے اختتام تک اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ پر شائع کر دیے جائیں گے۔

اسٹیٹ بینک نے کہا کہ مانیٹری پالیسی سے متعلق مواصلاتی نظام میں مسلسل بہتری اسٹیٹ بینک کے اسٹریٹجک پلان وژن 2028 کے تحت کی جارہی ہے جس کا مقصد افراطِ زر سے متعلق توقعات کو مستحکم بنا کر مانیٹری پالیسی کی مؤثرترسیل کو یقینی بنانا اور افراطِ زر کو ہدف بنانے کے نظام کو باضابطہ طور پر اپنانے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

گزشتہ ہفتے اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے پالیسی ریٹ کو 11.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی نے نوٹ کیا کہ حالیہ مثبت جغرافیائی سیاسی پیش رفت کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں نرمی آئی ہے تاہم تنازع سے پہلے کی سطح کے مقابلے میں یہ اب بھی زیادہ ہیں۔ بہرحال جیسا کہ پچھلی ایم پی سی میٹنگ میں توقع کی گئی تھی تنازع کے اثرات اب حالیہ معاشی اشاریوں میں نمایاں ہورہے ہیں۔