کھیل

گول کیپر روم کے 15 شاندار بچاؤ، کیوراساؤ نے ورلڈ کپ میں تاریخ رقم کر دی

  • روم نے ہمارے خلاف اپنی زندگی کا بہترین میچ کھیلا ، ایکواڈور کے گول کیپر ہرنان گالینڈیز کا اعتراف
شائع June 21, 2026 اپ ڈیٹ June 21, 2026 02:58pm

کیوراکاؤ کے 37 سالہ تجربہ کار گول کیپر ایلوئے روم نے ایکواڈور کے خلاف میچ میں یقینی گول کے 15 شاندار بچاؤ کرکے ورلڈ کپ کی تاریخ رقم کر دی۔

محض ایک لاکھ چھپن ہزار کی آبادی والے ملک کیوراکاؤ نے ایکواڈور کو 0-0 سے ڈرا پر روک کر عالمی کپ کی تاریخ میں اپنا پہلا قیمتی پوائنٹ حاصل کر لیا۔

ورلڈ کپ کے کسی ایک میچ میں اس سے زیادہ (16) سیوز کا ریکارڈ صرف امریکہ کے ٹم ہاورڈ (2014) کے پاس ہے۔ میچ کے دوران ایکواڈور نے مسلسل دباؤ برقرار رکھا، مگر چھ فٹ تین انچ طویل القامت روم آہنی دیوار بن گئے۔ ایکواڈور کے گول کیپر ہرنان گالینڈیز نے بھی اعتراف کیا کہ روم نے اپنی زندگی کا بہترین میچ کھیلا ہے۔

اس تاریخی کامیابی پر اسٹیڈیم میں موجود ہالینڈ کے بادشاہ ویلیم الیگزینڈر اور ملکہ میکسیما نے ڈریسنگ روم میں ٹیم کے ساتھ جشن منایا۔ میچ کے بعد سوشل میڈیا پر بھی روم کی مقبولیت کا طوفان آ گیا اور ان کے فالوورز ایک لاکھ سے بڑھ کر 7 لاکھ ہو گئے۔ ہیڈ کوچ ڈک ایڈووکیٹ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میچ جیتنے کے لیے تو شاید ایکواڈور کے چار کھلاڑی کم پڑتے، مگر تاریخی ڈرا کے لیے تنہا روم ہی کافی ثابت ہوئے۔