بنوں میں دو دھماکے، 7 افراد جاں بحق، 3 شدید زخمی
- صدرِ مملکت اور وزیراعظم کی بنوں دھماکے کی مذمت، قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
بنوں کے علاقے مرکہ بیرا میں سڑک کنارے ہونے والے دو دھماکوں میں 7 افراد جاں بحق جبکہ تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔
آج نیوز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر گاڑی اپنے گاؤں ہاتھی خیل سے سواریاں لے کر بنوں شہر کی طرف آ رہی تھی۔
ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کے مطابق نامعلوم شرپسندوں نے سڑک کے کنارے بارودی مواد چھپا رکھا تھا، جیسے ہی مسافروں سے بھری یہ گاڑی وہاں سے گزری تو زوردار دھماکا ہوا جس کی زد میں آ کر گاڑی میں سوار 5 مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
اس ہولناک واقعے کے تھوڑی ہی دیر بعد جب آس پاس موجود لوگ اور مدد کرنے والے جائے وقوعہ پر پہنچے تو وہاں دوسرا دھماکا ہوگیا۔
دوسرے دھماکے کی زد میں آ کر امدادی کاموں میں حصہ لینے والے مزید 2 افراد بھی جاں بحق ہوگئے۔
ڈی پی او بنوں نے مزید بتایا ہے کہ لاشوں اور زخمیوں کو خلیفہ گل نواز ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور وہاں سے شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی تلاش کیلئے بڑا سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
صدرِ مملکت اور وزیراعظم کی بنوں دھماکے کی مذمت، قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے دہشت گردوں کے اندرونی و بیرونی سرپرستوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ عناصر جو دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں، لاجسٹک اور مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں، اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کی عالمی سفارتی کامیابیوں اور امن کے فروغ کی کوششوں کو متاثر کرنا چاہتے ہیں، تاہم پاکستان علاقائی اور عالمی امن کی حمایت جاری رکھے گا اور دہشت گردوں کو شکست دی جائے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی بنوں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے اور واقعے کی فوری تحقیقات کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت، پاکستان کے امن اور استحکام کے خلاف گھناؤنی سازش ہے اور ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو ہرگز متزلزل نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے گی اور ریاست دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں پوری قوم کی امانت ہیں، ان کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔