مارکٹس

میموری چپ کی قلت، ایپل نے قیمتیں بڑھانے کا اعلان کر دیا

  • افسوس کے ساتھ قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے، ٹم کک
شائع اپ ڈیٹ

ایپل کے سی ای او ٹم کک نے کہا ہے کہ کمپنی بڑھتی ہوئی میموری اور اسٹوریج چپ لاگت کے باعث اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات وال اسٹریٹ جرنل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔

ٹم کک کے مطابق مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے چلنے والے ڈیٹا سینٹرز کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث میموری چپس کی عالمی سپلائی پر دباؤ بڑھ گیا ہے، جس کے نتیجے میں ان کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس صورتحال نے کنزیومر الیکٹرانکس کمپنیوں کے درمیان سخت مقابلہ پیدا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے کیونکہ کمپنی سپلائی چین میں آنے والے شدید اضافے کو مکمل طور پر جذب نہیں کر سکتی۔ ٹم کک کے مطابق ایپل صارفین کو زیادہ سے زیادہ تحفظ دینے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم موجودہ صورتحال ناقابلِ برداشت ہو چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق میموری اور اسٹوریج لاگت میں اضافہ خاص طور پرڈرام مارکیٹ سے جڑا ہوا ہے، جہاں سپلائی کا بڑا حصہ اے آئی سرورز کے لیے مختص کیا جا رہا ہے۔ اس کے باعث عام صارفین کے آلات کے لیے دستیابی کم ہو رہی ہے۔

ٹم کک نے یہ بھی بتایا کہ ایپل ممکنہ طور پر اپنی مالی ذخائر استعمال کرتے ہوئے میموری سپلائی بڑھانے میں مدد دے سکتی ہے، تاہم کمپنی اپنی چپس بنانے کے لیے فیکٹریاں قائم کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔

ان کے مطابق کمپنی اپنی نئی ڈیوائسز، بشمول فولڈ ایبل آئی فون اور آئی فون 18 پرو سیریز، کو جلد متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، تاہم قیمتوں میں اضافے کا وقت اور حجم ابھی طے نہیں کیا گیا۔