بجلی بلوں کا ڈیزائن تبدیل، نیا فارمیٹ متعارف
- نیا بل فارمیٹ سادگی، واضح انداز اور بہتر صارف تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے، وزارت توانائی
ملک بھر میں ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) نے بجلی بلوں کا نیا ڈیزائن متعارف کرادیا ہے جو وزارتِ توانائی کے صارف دوست اصلاحاتی ایجنڈے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
وزارتِ توانائی کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق نیا بل فارمیٹ سادگی، واضح انداز اور بہتر صارف تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے جس میں بنیادی بلنگ معلومات کو ایک منظم اور آسانی سے سمجھ آنے والے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
صارفین اب غیر ضروری پیچیدگیوں میں الجھے بغیر اپنی بجلی کی کھپت، بل کے مختلف اجزا اور ادائیگی کی ذمہ داریوں کو آسانی سے سمجھ سکیں گے۔
یہ اقدام گزشتہ برسوں کے دوران صارفین اور اسٹیک ہولڈرز سے حاصل ہونے والی آراء کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
وزارت نے بتایا کہ اسے سابقہ بل فارمیٹ کے حوالے سے متعدد شکایات اور آراء موصول ہوئیں جسے بہت سے صارفین نے اس کے غیر منظم ڈیزائن، اضافی معلومات اور پیچیدہ پیشکش کے باعث سمجھنے میں مشکل قرار دیا۔
متعدد تکنیکی تفصیلات، بار بار دہرائے جانے والے مواد اور غیر ضروری معلومات کی شمولیت کے باعث صارفین کے لیے بنیادی بلنگ ڈیٹا کو فوری طور پر شناخت کرنا اور سمجھنا مشکل ہو جاتا تھا۔
وزارت نے کہا کہ اس فیڈ بیک کے جواب میں اور شفافیت اور سروس کی فراہمی کے اپنے جاری عزم کے مطابق بل کے فارمیٹ کو بنیادی طور پر نئے سرے سے ڈیزائن کرنے کا اقدام اٹھایا ہے۔
بجلی کے نئے ڈیزائن کردہ بل میں صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے کئی اہم تبدیلیاں اور بہتری شامل کی گئی ہیں۔
بیان کے مطابق نئے فارمیٹ میں ایک سادہ اور صاف ستھرا ڈیزائن پیش کیا گیا جو پڑھنے میں آسانی پیدا کرتا ہے جس میں بل کی رقوم، آخری تاریخیں اور بجلی کے استعمال کی تفصیلات کو واضح اور نمایاں طور پر درج کیا گیا ہے۔ معلومات کو اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ صارفین ایک نظر ڈالتے ہی اپنے بل کو سمجھ سکیں جبکہ بصری پیچیدگی کو کم کرنے سے یہ یقینی بنایا گیا ہے کہ یہ فارمیٹ ہر طبقہ فکر کے افراد کے لیے قابلِ فہم ہو۔
نئے بجلی بلوں میں کیو آر کوڈز کو بھی شامل کیا گیا جس کی بدولت صارفین آسانی سے اضافی معلومات اور ڈیجیٹل خدمات تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔