فیفا ورلڈ کپ :سعودی عرب اور یوراگوئے کا میچ 1-1 سے برابر
- میکسی اراوجو نے 80 ویں منٹ میں اہم گول کرکے یوراگوئے کو شکست سے بچالیا
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ایچ کے میچ میں یوراگوئے اور سعودی عرب کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا۔
میکسی اراوجو نے 80 ویں منٹ میں اہم گول کرکے یوراگوئے کو شکست سے بچالیا۔
میچ کے پہلے ہاف میں سعودی عرب نے بہترین کھیل پیش کیا۔ سعودی ٹیم کی مسلسل کوششیں 41 ویں منٹ میں رنگ لے آئیں جب عبدالالہ العمری نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
یوراگوئے وقفے تک کوئی گول اسکور نہ کرسکا۔
میچ کے دوسرے ہاف میں یوراگوئے نے بہتری کھیل پیش کرتے ہوئے 27 شاٹس لگائے جن میں سے 10 ہدف پر تھے تاہم سعودی دفاع مزاحمت کرتا رہا۔
دوسری جانب سعودی عرب کو دوسرے ہاف میں دباؤ کا سامنا رہا اور وہ کھیل پر گرفت قائم نہ رکھ سکا۔
میچ کے اختتام پر دونوں ٹیمیں فتح کی تلاش میں رہیں تاہم مقابلہ برابری پر ختم ہوا۔
پیر کو پہلے میچوں کے بعد گروپ ایچ کی صورتحال دلچسپ ہو گئی ہے کیونکہ اس سے قبل پیر ہی کو اسپین اور کیپ وردے کے درمیان میچ بھی برابر رہا تھا جس کے بعد اب چاروں ٹیمیں ایک ایک پوائنٹ کے ساتھ برابر ہیں۔