گرباز کی شاندار سنچری رائیگاں، گل نے بھارت کو فتح دلا دی
- 8 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے گرباز نے 15ویں اوور میں نویں ون ڈے سنچری مکمل کر لی، افغانستان کا اسکور 3 وکٹوں پر 135 رنز
کپتان شبمن گل کی شاندار ناٹ آؤٹ 84 رنز کی اننگز کی بدولت بھارت نے پہلے بارش سے متاثرہ ون ڈے میچ میں افغانستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
بارش کے باعث 25 اوورز تک محدود کیے گئے اس میچ میں بھارت نے 195 رنز کا ہدف 13 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر بھارت نے افغانستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ افغان اوپنر رحمان اللہ گرباز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے محض 48 گیندوں پر تیز ترین سنچری اسکور کی، جس میں 8 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ تاہم ان کے 102 رنز پر آؤٹ ہوتے ہی افغان مڈل آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا اور پوری ٹیم 194 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بھارت کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے گرنور برار نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں بھارتی اوپنر روہت شرما جلدی رن آؤٹ ہو گئے، لیکن شبمن گل نے ایشان کشن (34) اور کے ایل راہول (ناٹ آؤٹ 39) کے ساتھ مل کر ٹیم کو آسان فتح دلا دی۔ تین میچوں کی سیریز کا دوسرا معرکہ بدھ کو لکھنؤ میں ہوگا۔