ورلڈ کپ کا آخری وارم اپ میچ : سعودی عرب اور سینیگال کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر
- سعودی ٹیم کے یونانی کوچ جارجوس ڈونیس نے پہلے ہاف میں مضبوط الیون میدان میں اتاری، وقفے کے بعد 10 تبدیلیاں بھی کر ڈالیں
سعودی عرب کا سینیگال کے خلاف آخری ورلڈ کپ وارم اپ میچ بے نتیجہ ختم ہو گیا۔ سینیگال کی ٹیم میچ کے اختتامی لگیچ میں 10 کھلاڑیوں تک محدود رہنے کے باوجود سعودی حملوں کو روکنے میں کامیاب رہی۔
سعودی عرب کے یونانی کوچ جارجوس ڈونیس نے پہلے ہاف میں مضبوط الیون میدان میں اتاری، تاہم وقفے کے بعد انہوں نے ٹیم میں 10 تبدیلیاں کیں۔سینیگال کے فارورڈ نکولس جیکسن کو 84 ویں منٹ میں دوسرا یلو کارڈ ملنے پر گراؤنڈ سے باہر بھیج دیا گیا۔
میچ کے آغاز میں سعودی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور حریف گول کیپر ایڈورڈ مینڈی پر دباؤ بڑھایا۔ دسویں منٹ میں کپتان سالم الدوسری کے پاس پر مصعب الجویر گول کرنے کے قریب پہنچے، جبکہ 30 ویں منٹ میں محمد ابو الشمات نے ہیڈر کے ذریعے گول کرنے کا ایک آسان موقع گنوا دیا۔ دوسری جانب 14 ویں منٹ میں سعودی گول کیپر محمد العویس نے لامین کامارا کا ایک خطرناک ہیڈر آسانی سے روک لیا۔
پہلے ہاف کے اختتام پر سینیگال نے بھی حملے تیز کیے لیکن وہ العویس کو پریشان نہ کر سکے۔ دوسرے ہاف میں متبادل کھلاڑی ایمن یحییٰ نے دور سے ایک جاندار شاٹ کھیلا جو دائیں پول سے چھو کر گزر گیا۔
ورلڈ کپ کے گروپ ایچ میں شامل سعودی عرب اپنی مہم کا آغاز 16 جون کو یوراگوئے کے خلاف کرے گا، جس کے بعد اس کا مقابلہ اسپین اور کیپ ورڈی سے ہوگا۔ دوسری طرف، گروپ آئی میں شامل سینیگال کا پہلا میچ فرانس سے ہوگا، جبکہ گروپ کے دیگر میچز میں وہ ناروے اور عراق کے مدمقابل آئے گی۔