مارکٹس

انٹر بینک مارکیٹ: ڈالر کے مقابلے میں روپے کی پیش قدمی برقرار

  • ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 3 پیسے کی بہتری سے 278.37 پر بند
شائع June 9, 2026 اپ ڈیٹ June 9, 2026 04:21pm

انٹر بینک مارکیٹ میں منگل کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 3 پیسے کی بہتری سے 278.37 پر بند ہوا۔

یاد رہے کہ پیر کو مقامی کرنسی 278.40 روپے پر بند ہوئی تھی۔

دوسری جانب منگل کو امریکی ڈالر دو ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب برقرار رہا اور زیادہ تر بڑی عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں مستحکم رہا کیونکہ مشرقِ وسطیٰ میں غیر یقینی صورتحال نے سرمایہ کاروں کی خطرہ مول لینے کی مہم جوئی کو محدود کر دیا اور تاجروں نے رواں سال کے آخر میں فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرحِ سود میں اضافے کے امکانات پر شرطیں بڑھا دی ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپیل پر پیر کو ایران اور اسرائیل نے ایک دوسرے پر حملے روک دیے تاہم کشیدگی بدستور برقرار ہے کیونکہ تہران نے دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیل نے لبنان میں ایران نواز حزب اللہ کو نشانہ بنانا جاری رکھا تو وہ دوبارہ حملے شروع کردے گا۔

ایران کے ساتھ 3 ماہ سے زائد عرصے سے جاری اس جنگ کو ختم کرنے کے لیے ایک پائیدار معاہدے تک پہنچنے کی امریکی کوششیں خاطر خواہ رنگ نہیں لا سکیں جس کی وجہ سے خام تیل کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں اور محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر امریکی ڈالرکی مانگ کو تقویت مل رہی ہے۔

یورو 1.1528 ڈالر پر برقرار رہا جبکہ برطانوی پاؤنڈ 1.3335 ڈالر پر ٹریڈ ہوا، گزشتہ سیشن میں اپنی دو ماہ کی کم ترین سطح کو چھونے کے بعد ایشیائی مارکیٹ میں اب تک ان دونوں کی قدر میں تقریباً 0.05 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی ہے۔

مارکیٹ کی صورتحال سے جلد متاثر ہونے والا آسٹریلوی ڈالر 0.1 فیصد کی کمی کے ساتھ 0.7039 ڈالر پر آگیا جبکہ نیوزی لینڈ ڈالر 0.5804 ڈالر پر ٹریڈ ہوا۔

جاپانی ین گر کر 160.295 کی سطح تک چلا گیا اور مسلسل 160 کے آس پاس ہی گردش کرتا رہا۔

ڈالر انڈیکس معمولی تبدیلی کے ساتھ 100.03 پر رہا جو پیر کو قائم ہونے والی اس کی دو ماہ کی بلند ترین سطح 100.21 کے قریب ہے۔