پاکستان

مالی سال 27-2026 کا بجٹ چند روز میں پیش کئے جانے کا امکان

  • وقت، تاریخ اور مقام کی تفصیلات مناسب وقت پر شیئر کردی جائیں گی، حکومت
شائع June 9, 2026 اپ ڈیٹ June 9, 2026 11:54am

حکومت نے منگل کو کہا ہے کہ پاکستان آئندہ چند روز میں مالی سال 2026-27 کا بجٹ پیش کرے گا جس سے ایک نئی تاخیر کا اشارہ ملا ہے کیونکہ اسے پہلے ہی 5 جون کی اصل تاریخ سے تبدیل کر کے 10 جون کیا جا چکا تھا۔

حکومت کا کہنا ہے کہ وقت، تاریخ اور مقام کی تفصیلات مناسب وقت پر شیئر کردی جائیں گی۔

قبل ازیں بزنس ریکارڈر نے رپورٹ کیا تھا کہ حکومت کی جانب سے مالی سال 27-2026 کے وفاقی بجٹ کو 10 سے مؤخر کر کے 12 جون کرنے کا امکان ہے، اس مجوزہ تبدیلی کے بارے میں حتمی فیصلہ ایک یا دو دن میں متوقع ہے۔

پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا تھا کہ بجٹ سے متعلق کئی اہم امور کو ابھی حتمی شکل دینا باقی ہے جس کے باعث بجٹ پیش کرنے کے شیڈول پر نظرثانی کے لیے بات چیت کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بات چیت ابھی جاری ہے اور محدود وقت کے ساتھ ساتھ محرم الحرام کے مہینے کی آمد نے اس عمل کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ کے کئی پہلوؤں کو ابھی حتمی شکل دی جارہی ہے اور بجٹ پیش کرنے کی تاریخ تبدیل کرنے کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔