کھیل

ڈونس کی نگرانی میں سعودی عرب کی پہلی فتح، موسم کی خرابی کے بعد پورٹو ریکو کو 3-0 سے ہرا دیا

  • بار بار آسمانی بجلی چمکنے کے باعث کھیل شروع کرنے کے لیے لازمی 30 منٹ کے انتظار کے وقت کو کئی بار دوبارہ بڑھانا پڑا، جس کے بعد بالآخر میچ دوبارہ شروع ہو سکا
شائع June 7, 2026 اپ ڈیٹ June 7, 2026 02:52pm

سعودی عرب نے موسم کی شدید خرابی کے باعث لگ بھگ دو گھنٹے تک معطل رہنے والے دوستانہ میچ میں پورٹو ریکو کو 3-0 سے ہرا کر نئے کوچ جارجیوس ڈونس کی زیرِ نگرانی پہلی فتح حاصل کر لی۔

شمالی امریکہ میں ہونے والے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں کھیلے گئے اس میچ کے 21 ویں منٹ میں گرج چمک اور آسمانی بجلی کے باعث کھیل روکنا پڑا۔ بار بار بجلی چمکنے کی وجہ سے لازمی 30 منٹ کے انتظار کے وقت کو کئی بار بڑھانا پڑا، جس کے بعد بالآخر کھیل شروع ہوا۔

سعودی عرب کو ہاف ٹائم سے ذرا پہلے سلطان مندش نے پنالٹی ایریا میں دفاعی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے برتری دلائی، جبکہ 50 ویں منٹ میں عبداللہ الحمدان نے گیند کا کنٹرول سنبھال کر گول کیپر کے اوپر سے خوبصورت ہٹ لگا کر اسکور 2-0 کر دیا۔ کھیل کے 88 ویں منٹ میں کپتان سالم الدوسری نے شاندار سولو رن بناتے ہوئے آخری گول داغ کر ٹیم کو اکواڈور کے خلاف پچھلی شکست کے بعد ایک پراعتماد فتح دلائی۔ سعودی عرب 9 جون کو سینیگال کے خلاف اپنا آخری وارم اپ میچ کھیلے گا، جس کے بعد وہ گروپ ایچ میں اسپین، یوراگوئے اور کیپ ورڈے کے خلاف اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرے گا۔