پام آئل مارکیٹ پر دباؤ، حریف خوردنی تیلوں اور خام تیل کی قیمتیں گرنے سے مندی کا رجحان
- برسا ملائیشیا ڈیریویٹوز ایکسچینج میں اگست کی ترسیل کے لیے پام آئل کا بینچ مارک معاہدہ 36 رنگٹ یا 0.77 فیصد کمی کے ساتھ 4,641 رنگٹ فی میٹرک ٹن پر آ گیا
ملائیشین پام آئل کی قیمتوں میں گزشتہ سیشن میں اضافے کے بعد کمی واقع ہوئی کیونکہ کمزور برآمدی طلب اور سویا آئل اور خام تیل کی قیمتوں میں کمی نے مارکیٹ پر دباؤ ڈالا۔
برسا ملائیشیا ڈیریویٹوز ایکسچینج میں اگست کی ترسیل کے لیے پام آئل کا بینچ مارک معاہدہ دوپہر کے وقفے تک 36 رنگٹ یا 0.77 فیصد کمی کے ساتھ 4,641 رنگٹ (1,156.49 امریکی ڈالر) فی میٹرک ٹن پر آ گیا۔
کوالالمپور میں قائم تجارتی فرم آئس برگ ایکس ایس ڈی این بی ایچ ڈی کے پروپرائٹری ٹریڈر ڈیوڈ اینگ کا کہنا ہے کہ ایشیائی کاروباری اوقات کے دوران سویا بین کے تیل اور خام تیل کی قیمتوں میں مندی کے باعث مارکیٹ نیچے آئی جبکہ حال ہی میں کروڈ پام آئل کی طلب میں آنے والی کمی نے بھی مارکیٹ پر منفی اثر ڈالا۔
ڈیلیان کا سب سے زیادہ فعال سویا آئل معاہدہ 0.65 فیصد گرگیا جبکہ پام آئل کا معاہدہ 1.19 فیصد کمی کا شکار ہوا۔ شکاگو بورڈ آف ٹریڈ پر سویا آئل کی قیمتوں میں بھی 0.36 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
پام آئل عالمی مارکیٹ میں دوسرے حریف خوردنی تیلوں کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھتا ہے کیونکہ یہ عالمی سبزیوں کے تیل کی مارکیٹ میں اپنا حصہ حاصل کرنے کے لیے مقابلہ کرتا ہے۔ دوسری جانب کارگو سرویئرز کے تخمینے کے مطابق، مئی میں ملائیشین پام آئل کی مصنوعات کی برآمدات میں گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 8.8 فیصد سے 15.5 فیصد تک کی کمی واقع ہوئی ہے۔