کاروبار اور معیشت

کلوور پاکستان کی ایل پی جی کاروبار میں توسیع کی کوشش، کوئیک گیسز کے حصول پر نظریں

  • بورڈ نے انتظامیہ کو ضروری ریگولیٹری اور قانونی تقاضے پورے کرنے کی بھی منظوری دے دی
شائع اپ ڈیٹ

کلوور پاکستان لمیٹڈ نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کوئیک گیسز (پرائیویٹ) لمیٹڈ میں 40 فیصد ایکویٹی حصص کے حصول کی منظوری دے دی ہے۔

کمپنی نے اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

نوٹس میں آگاہ کیا گیا کہ کمپنی انتظامی کنٹرول حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ کمپنی انویسٹی کمپنی کے آپریشنل، مالی اور اسٹریٹجک فیصلوں میں شرکت اور ان پر اثر انداز ہونے کے قابل ہوسکے۔

نوٹس کے مطابق بورڈ نے انتظامیہ کو اختیار دے دیا ہے کہ وہ ٹارگٹ کمپنی میں 40 فیصد ایکویٹی اسٹیک (حصص) کی خریداری کیلئے موجودہ شیئر ہولڈرز کے ساتھ شیئر پرچیز ایگریمنٹ یعنی حصص کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کرے‌۔

اس سلسلے میں کمپنی نے اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کیا کہ بورڈ نے انتظامیہ کو اس سلسلے میں تمام ضروری ریگولیٹری اور قانونی تقاضے پورے کرنے اور انہیں مکمل کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

نوٹس کے مطابق کوئیک گیسز (پرائیویٹ) لمیٹڈ ایل پی جی کی اسٹوریج، مارکیٹنگ اور ڈسٹری بیوشن (تقسیم) کی سہولیات کی تیاری کے کام سے منسلک ہے اور اس کے پاس اوگرا کا کنسٹرکشن لائسنس سمیت تمام ضروری ریگولیٹری منظوریاں موجود ہیں۔

نوٹس میں مزید بتایا گیا کہ اس پروجیکٹ میں ایل پی جی کا اسٹوریج انفرااسٹرکچر، فلنگ کی گنجائش اور ڈسٹری بیوشن کی صلاحیت شامل ہے جو اسے تکمیل کے بعد کمرشل آپریشنز شروع کرنے کے لیے موزوں بناتی ہے‌۔

کلوور پاکستان 1986 میں ایک پبلک لسٹڈ کمپنی کے طور پر رجسٹرڈ (انکارپوریٹ) ہوئی تھی‌۔

کمپنی صارفین کے پائیدار استعمال کی اشیا، غذائی مصنوعات، کیمیکلز اور لبریکنٹس کی فروخت کے ساتھ ساتھ گینٹری آلات، ایئر/آئل فلٹرز اور دیگر کار کیئر مصنوعات کی درآمد اور تجارت کے شعبے میں بھی سرگرم ہے۔

قبل ازیں پاکستان میں ایل پی جی کی مارکیٹنگ اور ڈسٹری بیوشن کرنے والی کمپنی میکام گیس پرائیویٹ لمیٹڈ نے بھی بتایا تھا کہ وہ ایل پی جی اسٹوریج کی سہولت کی تعمیر کے لیے 20 ملین ڈالر جمع کرنے کی خاطر پاکستان اسٹاک ایکسچینج پرآئی پی او لانے پر غور کر رہی ہے‌۔

کمپنی ان حاصل کردہ فنڈز سے 3,000 ٹن اسٹوریج کی گنجائش تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے‌۔