گاڑی سے ہجوم کو کچلنے کا واقعہ : اطالوی وزیراعظم میلونی کا دورۂ موڈینا، قبرص کا اہم اجلاس منسوخ
- اطالوی صدر سرجیو مٹاریلا کا بھی جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کا فیصلہ
اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی اتوار کو موڈینا شہر کا دورہ کریں گی، جہاں گزشتہ روز کار کے ذریعے ہجوم کو کچلنے کے واقعے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اس دورے کے باعث قبرص کے صدر کے ساتھ نیکوسیا میں ہونے والی اپنی اہم ملاقات منسوخ کر دی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اٹلی کے صدر سرجیو مٹاریلا بھی اس شمالی اطالوی شہر کا دورہ کریں گے۔
ہفتے کو ایک 30 سالہ شخص، جو اٹلی میں پیدا ہوا اور شمالی افریقی نژاد ہے نے شہر کے وسطی علاقے میں گاڑی ہجوم پر چڑھا دی، جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔ ملزم نے واقعے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی اور اسے روکنے کی کوشش کرنے والے تین راہگیروں میں سے ایک کو چاقو مار کر زخمی کر دیا، تاہم بعد میں پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔
موڈینا کے استغاثہ (پراسیکیوٹرز) نے اتوار کو ایک بیان میں بتایا کہ مشتبہ شخص کے خلاف قتلِ عام اور اقدامِ قتل کے تحت تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور اس کے اس اقدام کے پیچھے چھپے محرکات کا پتہ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق ملزم نے ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد آبادی والے شہر کے پرہجوم مرکز میں پیدل چلنے والوں کو بغیر کسی تفریق کے، اندھا دھند اور دانستہ طور پر نشانہ بنایا۔
موڈینا کے میئر ماسیمو میزیٹی نے ہفتے کی رات گئے براڈکاسٹر رائی نیوز 24 کو بتایا کہ مذکورہ شخص 2022 میں شیزوفرینیا (ذہنی مرض) کی وجہ سے نفسیاتی علاج کروا چکا ہے، جس کے بعد وہ حکام کی نظروں سے اوجھل ہو گیا تھا۔پراسیکیوٹرز نے مزید بتایا کہ شدید زخمی ہونے والوں میں سے دو افراد اپنی ٹانگوں سے محروم ہو چکے ہیں، جبکہ ایک زخمی کی حالت تاحال انتہائی نازک ہے۔