کاروبار اور معیشت

آئی ایم ایف سے 1.3 ارب ڈالر موصول ہوگئے، اسٹیٹ بینک

  • اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ رقم اس کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 15 مئی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ظاہر کی جائے گی۔
شائع اپ ڈیٹ

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے بدھ کے روز بتایا ہے کہ اسے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے تقریباً 1.3 ارب ڈالر کی رقم موصول ہوئی ہے، جو ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی (ای ایف ایف) اور ریزیلینس اینڈ سسٹینیبلٹی فسیلٹی (آر ایس ایف) کے تحت فراہم کی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ رقم اس کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 15 مئی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ظاہر کی جائے گی۔

گزشتہ ہفتے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے ای ایف ایف کے تحت تیسرے جائزے اور آر ایس ایف کے تحت دوسرے جائزے کی منظوری دی تھی، جس کے بعد پاکستان کو تقریباً 1.32 ارب ڈالر تک رسائی حاصل ہوئی۔

یہ منظوری 9 مئی کو واشنگٹن ڈی سی میں منعقدہ اجلاس میں دی گئی تھی۔

اس فیصلے کے تحت فوری طور پر ای ایف ایف پروگرام کے تحت تقریباً 1.1 ارب ڈالر (760 ملین ایس ڈی آر) اور آر ایس ایف کے تحت تقریباً 220 ملین ڈالر (154 ملین ایس ڈی آر) جاری کیے گئے، جس کے بعد دونوں پروگراموں کے تحت مجموعی ادائیگیاں بڑھ کر تقریباً 4.8 ارب ڈالر (3.348 ارب ایس ڈی آر) تک پہنچ گئی ہیں۔

پاکستان کا 37 ماہ کا ای ایف ایف پروگرام 25 ستمبر 2024 کو منظور کیا گیا تھا، جس کا مقصد معاشی استحکام کو مضبوط بنانا اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔