راہول ڈریوڈ یورپی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں ڈبلن گارڈینز کے شریک مالک بن گئے
- ڈبلن میں کرکٹ کے دیوانوں کی ایک بڑی کمیونٹی موجود ہے اور یہاں ترقی کے بے پناہ مواقع ہیں، سابق بھارتی کپتان
بھارت کے سابق کپتان اور عظیم بلے باز راہول ڈریوڈ بھارتی کنسورشیم کے حصے کے طور پر نئی یورپی ٹی ٹوئنٹی پریمیئر لیگ (ای ٹی پی ایل) میں ڈبلن گارڈینز کے شریک مالک بن گئے ہیں۔
اگست سے شروع ہونے والی اس لیگ میں ڈریوڈ کے علاوہ اسٹیو واہ، کرس گیل، گلین میکسویل اور جونٹی رہوڈز جیسے نامور کرکٹرز بھی مختلف ٹیموں کی ملکیت میں حصہ دار ہیں۔
راہول ڈریوڈ کا کہنا ہے کہ ڈبلن میں کرکٹ کا جنون اور ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور یہ لیگ نسل نو کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ بالی ووڈ اسٹار ابھیشیک بچن کی مشترکہ کوششوں سے قائم ہونے والی یہ لیگ آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور نیدرلینڈز کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے، جو آئی سی سی سے منظور شدہ یورپ کی پہلی کثیر الملکی فرنچائز لیگ ہوگی۔ ایونٹ کا پہلا ایڈیشن 26 اگست سے 20 ستمبر تک کھیلا جائے گا، جس میں اسٹیو اسمتھ اور مچل مارش سمیت کئی عالمی ستارے ایکشن میں نظر آئیں گے۔