پاکستان

جنوبی وزیرستان میں خودکش حملہ ناکام، 7 شہری زخمی

  • وزیر داخلہ نے دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا
شائع اپ ڈیٹ

پیر کے روز سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کے ایک چیک پوسٹ پر ہونے والے خودکش حملے کو ناکام بنا دیا گیا، تاہم اس واقعے میں 7 شہری زخمی ہو گئے۔

ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جان محمد نے بتایا کہ 7 زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق شدت پسندوں نے اعظم ورسک کے علاقے میں ایک فوجی چوکی کو بارودی مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک کر تباہ کر دیا۔ اس کارروائی میں خودکش حملہ آور مارا گیا۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ”ہمارے سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مضبوط ستون ہیں۔“