صومالی قزاقوں نے آئل ٹینکر پر قبضہ کر لیا، عملے کے 11 پاکستانی ارکان سوار تھے
- حکام کا کہنا ہے کہ حکومت عملے کے 11 ارکان کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے
صومالیہ کے ساحل کے قریب قزاقوں نے ایک آئل ٹینکر پر حملہ کیا اور اسے قبضے میں لے لیا، جس میں عملے کے 11 پاکستانی ارکان سوار تھے۔ واقعے کے بعد پاکستانی حکام نے فوری ریسکیو اور سفارتی اقدامات شروع کر دیے۔
وفاقی وزیر برائے سمندری امور جنید انور چوہدری نے واقعے پر فوری توجہ دی اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ رہائی کارروائی کو مؤثر بنایا جائے۔
وزارت سمندری امور کے مطابق تمام متعلقہ محکمے مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال پر قریب سے نظر رکھے ہوئے ہیں۔
وزارت سمندری امور نے وزارت خارجہ سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ فوری سفارتی رابطے قائم کرے، جبکہ صومالی حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں تاکہ پاکستانی عملے کے ارکان کو محفوظ طور پر بازیاب اور رہا کیا جا سکے۔
حکام نے کہا ہے کہ حکومت عملے کے 11 ارکان کی محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔