دنیا

چین کا ایرانی جہاز قبضے میں لینے پر اظہار تشویش

  • چین کی متعلقہ فریقین سے جنگ بندی معاہدے کی ذمہ داری کے ساتھ پاسداری کرنے کی اپیل
شائع April 20, 2026 اپ ڈیٹ April 20, 2026 03:04pm

چین نے امریکی فوج کی جانب سے ایرانی پرچم بردار کارگو جہاز کو روکنے اور قبضے میں لینے کے اقدام پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ فریقین سے جنگ بندی معاہدے کی ذمہ داری کے ساتھ پاسداری کرنے کی اپیل کی ہے۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گوئو جیاکُن نے پیر کے روز معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال نہایت حساس اور پیچیدہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام فریق کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کریں اور ایسے حالات پیدا کریں جن سے اس اہم آبی گزرگاہ میں بحری آمد و رفت معمول پر آ سکے۔

اس سے قبل امریکہ نے کہا تھا کہ اس نے ایک ایرانی کارگو جہاز پر فائرنگ کر کے اسے اپنی تحویل میں لے لیا، جو ایرانی بندرگاہوں پر عائد امریکی ناکہ بندی کو عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

دوسری جانب ایران کی فوج نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ جہاز چین سے سفر کر رہا تھا اور اس نے امریکی کارروائی کو مسلح قزاقی قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف جوابی کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی عالمی تجارت اور توانائی سپلائی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، جس کے باعث عالمی برادری اس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔