حج آپریشن کا آغاز، کراچی سے پہلی پرواز 160عازمینِ کو لے کر روانہ
- سرکاری حج اسکیم کے تحت پاکستان سے 468 پروازوں کے ذریعے عازمین کو حجازِ مقدس پہنچایا جائے گا
سعودی عرب کے لیے پاکستان کے مختلف شہروں سے عازمینِ حج کو لے کر حج پروازوں کی روانگی کا آغاز ہفتے سے ہوگیا۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت پاکستان سے 468 پروازوں کے ذریعے عازمین کو حجازِ مقدس پہنچایا جائے گا۔
سرکاری اسکیم کے تحت پاکستان سے تقریباً 1 لاکھ 19 ہزار عازمینِ حج کو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ لے جایا جائے گا۔ اس اسکیم کے تحت تقریباً 67,230 مرد عازمین سعودی عرب جائیں گے جب کہ 51,846 خواتین عازمین حجازِ مقدس روانہ ہوں گی۔ حج آپریشن کے پہلے روز چار پروازوں کے ذریعے عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔
جدہ کے لیے حج پروازوں کا آغاز 4 مئی سے ہوگا جب کہ مدینہ منورہ کے لیے پہلی حج پرواز 7 مئی کو روانہ ہوگی۔ پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی۔ عازمینِ حج کو حجازِ مقدس پہنچانے کا یہ آپریشن 34 روز تک جاری رہے گا۔ حج پروازوں کے آغاز کے بعد پہلے 15 دنوں تک عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔ مدینہ منورہ کے لیے مجموعی طور پر 186 اور جدہ کے لیے 282 پروازیں چلائی جائیں گی۔
پی آئی اے، ایئر بلیو، ایئر سیال اور سعودی ایئر لائنز حج آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ حج پروازیں پاکستان کے 8 شہروں سے آپریٹ کی جائیں گی۔
اسلام آباد سے 129، کراچی سے 124 اور لاہور سے 104 پروازیں چلائی جائیں گی۔ کوئٹہ سے تقریباً 18، ملتان سے 34 اور سیالکوٹ سے 26 پروازیں روانہ ہوں گی۔ فیصل آباد سے 23 اور سکھر سے پانچ پروازیں عازمین کو لے کر سعودی عرب جائیں گی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ایئر سیال کی پہلی حج پرواز ہفتے کو کراچی سے 160 عازمین کو لے کر ارضِ مقدس کے لیے روانہ ہوئی۔ پی اے اے کے مطابق روڈ ٹو مکہ اقدام کے تحت عازمین کو جدید ترین امیگریشن سہولیات فراہم کی گئیں۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے پہلی پرواز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور عازمین کو رخصت کیا۔ وفاقی اور صوبائی وزراء نے بھی ایئرپورٹ کا دورہ کیا تاکہ حج پرواز کے لیے کیے گئے انتظامات اور فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا جا سکے۔
دورے کے دوران وزراء نے سعودی امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور مسافروں کے لیے موجود سہولیات اور ہموار عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دریں اثنا ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پری حج آپریشنز 2026 کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جہاں پی اے اے کے مطابق ایئر بلیو کی پرواز PA-876 مدینہ منورہ کے لیے 151 عازمینِ حج کو لے کر روانہ ہوئی۔
تقریب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ دیگر معزز شرکاء میں پنجاب کے وزیرِ آبپاشی میاں محمد کاظم پیرزادہ، ایم پی اے رانا عبدالمنان ساجد اور ایم پی اے بیگم مقصودہ انصاری شامل تھیں۔
اس موقع پر موجود اعلیٰ حکام میں سی او او انور ضیاء، ڈائریکٹر حج ریحان عباس کھوکھر، ڈائریکٹر ٹرمینل آپریشنز ایئر بلیو کنور یاسر اور ڈائریکٹر کمرشل ایئر بلیو محمد شفیق شامل تھے۔ اس کے علاوہ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس ، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے نمائندے بھی موجود تھے۔
مہمانِ خصوصی نے عازمینِ حج کی سہولت اور (روانگی کے) عمل کو خوش اسلوب بنانے کے لیے ایئرپورٹ انتظامیہ اور حج ڈائریکٹوریٹ کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے حج کے سفر کی روحانی اہمیت اور تقدس پر بھی زور دیا۔ تقریب کا اختتام مہمانِ خصوصی کی جانب سے عازمین کو ہار پہنانے اور دعاؤں اور نیک تمناؤں کے ساتھ الوداع کرنے پر ہوا۔
عازمینِ حج اپنی پرواز سے متعلق معلومات پاک حج موبائل ایپ کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں۔ عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئندہ کے اعلانات سے باخبر رہنے کے لیے پاک حج 2026 موبائل ایپ سے منسلک رہیں۔