بشریٰ بی بی اسپتال منتقل، پی ٹی آئی چیئرمین کی تصدیق
چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے جمعہ کو بتایا کہ سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جیل سے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ مجھے ایک پیغام کے ذریعے مطلع کیا گیا کہ بشریٰ بی بی کو گزشتہ رات اسپتال منتقل کردیا گیا تھا اور مجھے ان کے علاج کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔
چیئرمین نے کہا کہ وہ یہ درخواست کریں گے کہ ان (بشریٰ بی بی) کے اہل خانہ کو ان سے ملنے کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ عمران خان کے اہل خانہ کو ان سے ملنے کی اجازت دینے اور انہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے کی بھی درخواست کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جتنا جلد ہو، اتنا ہی بہتر ہے۔ قانون کے مطابق یہ ان کا بنیادی حق ہے۔
ان کی صحت انتہائی تشویشناک ہے اور ہر پاکستانی اس پر گہری فکر مندی کا شکار ہے۔
مزید برآں بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ خاندان کے افراد اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ان کا ایک اہم آپریشن (سرجری) ہونے جا رہا ہے۔ براہِ کرم ان کے لیے دعا کریں۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 2025 میں توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 17 سال قید کی سزا سنائی تھی۔