پاکستان

ہنگو: پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس پارٹی پر فائرنگ، ایک اہلکار شہید، 4 زخمی

  • واقعہ ٹل پولیس اسٹیشن کے علاقے چھپری وزیران کے قریب پیش آیا
شائع April 13, 2026 اپ ڈیٹ April 13, 2026 03:45pm

ہنگو میں پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی پر مامور پولیس پارٹی پر نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ چار اہلکار زخمی ہوگئے۔

آج نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ٹل پولیس اسٹیشن کے علاقے چھپری وزیران کے قریب پیش آیا جہاں پولیو مہم کی سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں اہلکار اسرار الحق شہید ہو گئے جبکہ چار اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق شہید ہونے والے اہلکار اسرار الحق کا تعلق ضلع شانگلہ سے تھا اور وہ پولیس ٹریننگ سینٹر میں انٹرمیڈیٹ کورس کر رہے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔