کاروبار اور معیشت

ڈیجیٹل زراعت اور جدید کاشتکاری میں پاک چین شراکت داری پر زور

  • سفیر خلیل ہاشمی کی چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے زرعی شعبے میں مواقع تلاش کرنے کی دعوت
شائع اپ ڈیٹ

چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے ڈیجیٹل زراعت، ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت رکھنے والی کاشتکاری اور زرعی جدت طرازی میں پاک-چین تعاون کو وسعت دینے کی تجویز پیش کی جبکہ چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے زرعی شعبے میں مواقع تلاش کرنے کی دعوت بھی دی ہے۔

چین کے صوبے انہوئی کے دورے کے دوران سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ دیہی ترقی قومی خوشحالی، غذائی تحفظ اور سماجی استحکام کے لیے مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل شمولیت اور ایگری ٹیک (زرعی ٹیکنالوجی) کی مہارتوں کے ذریعے دیہی خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ہیفی میں انہوں نے انٹرنیشنل رورل انوویشن اینڈ ڈیولپمنٹ ایکسپو 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا اور اسے دیہی ترقی کی مکمل صنعتی زنجیر (انڈسٹریل چین) کو جوڑنے والا ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا۔ انہوں نے سفارتی برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے صوبہ انہوئی کے نائب گورنر ژانگ شوگوانگ سے ملاقات بھی کی جس میں انہوں نے زرعی میکانائزیشن، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور اعلیٰ معیار کی پیداوار میں چین کی ترقی کو سراہا۔

سفیر نے تعلیمی شعبے، تحقیق اور زرعی کاروبار میں تعاون کی نئی راہیں تجویز کیں جس میں آئندہ سال ہیفی میں منعقد ہونے والی آئی آر آئی ڈی ایکسپو کے موقع پر پاکستان کیلئے مخصوص ایگریکلچر سب فورم کے انعقاد کی تجویز بھی شامل ہے۔

گلوبل سمٹ آن سسٹین ایبل ایگریکلچر فورم میں انہوں نے پاکستان کے زرعی شعبے کی بحالی کے لیے ترجیحات کا خاکہ پیش کیا اور فورم کی قیادت کو اس کا اگلا ایڈیشن پاکستان میں منعقد کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے چینی اداروں پر زور دیا کہ وہ ہائبرڈ بیجوں کی تیاری، کپاس میں جدت، گندم کی مالیکیولر بائیولوجی اور لائیوسٹاک جینیٹکس (مویشیوں کی جینیات) جیسے شعبوں میں شراکت داری کریں۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026